مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کی کانگریس قائد وجئے شانتی سے ملاقات

   

بی جے پی میں واپسی کی قیاس آرائیاں، اظہرالدین بھی کانگریس کی سرگرمیوں سے دور
حیدرآباد: مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کی کانگریس کی اسٹار کیمپینر وجئے شانتی سے ملاقات میں سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑدی ہے۔ کشن ریڈی نے وجئے شانتی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی جس کے بعد وجئے شانتی کی دوبارہ بی جے پی میں واپسی سے متعلق قیاس آرائیاں شدت اختیار کرچکی ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد وجئے شانتی نے کانگریس کی سرگرمیوں سے خود کو علحدہ کرلیا ۔ گزشتہ سال وجئے شانتی کی بی جے پی میں شمولیت کے امکانات ظاہر کئے گئے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اب جبکہ بی جے پی تلنگانہ میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہے، کشن ریڈی کی وجئے شانتی سے ملاقات اہمیت کے حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی سے قبل بی جے پی کے ریاستی صدر بی سنجے نے وجئے شانتی سے ملاقات کی تھی۔ وجئے شانتی کے قریبی ذرائع نے ملاقاتوں کی توثیق کی ، تاہم سیاسی فیصلہ کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا ۔ کانگریس کے ایک اور رکن اسمبلی کومٹ ریڈی ، راج گوپال ریڈی نے گزشتہ سال بی جے پی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا تھا لیکن لمحہ آخر میں فیصلہ تبدیل کردیا۔ دوباک کے ضمنی انتخابات کے بعد گریجویٹ زمرہ کی کونسل کی دو نشستوں کے علاوہ حیدرآباد ، کھمم اور ورنگل میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات مقرر ہیں۔ بی جے پی بلدی انتخابات اور کونسل کی دو نشستوں کے چناؤ میں وجئے شانتی کو اسٹار کیمپینر کے طورپر مہم میں شامل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ وجئے شانتی کانگریس کی انتخابی تشہیر کمیٹی کی صدرنشین ہیں، لیکن انہوں نے دوباک کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا۔ ان کے علاوہ سابق کرکٹر محمد اظہرالدین پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور اسٹار کیمپینر ہیں لیکن حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے کانگریس کی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرلی ہے۔ پارٹی قائدین نے دونوں کی ہائی کمان سے شکایت کی۔ وجئے شانتی بی جے پی سے کانگریس میں شامل ہوئی تھی جبکہ اظہرالدین نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے لیے مساعی کی لیکن انہیں ٹکٹ سے محروم رکھا گیا۔