مملکتی وزیر دفاع نے حیدرآباد میں میزائیل ٹکنالوجی کی ترقی کا جائزہ لیا

   

DRDO میں اجئے بھٹ کا دورہ، دفاعی سائینسدانوں کی صلاحیتوں کی ستائش

حیدرآباد۔/14 جنوری، ( سیاست نیوز) مملکتی وزیر دفاع اجئے بھٹ نے آج حیدرآباد میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام میزائیل کامپلکس ڈی آر ڈی او کا دورہ کیا۔ انہوں نے میزائیل ٹکنالوجی سے متعلق نئے تجربات اور مربوط دیگر امور کا جائزہ لیا۔ ڈائرکٹر جنرل میزائیلس اینڈ اسٹاٹیجک سسٹم یو راجہ بابو نے مرکزی وزیر کو میزائیل ٹکنالوجی کی مختلف انواع و اقسام اور تازہ ترین تجربات سے واقف کرایا۔ ڈی آر ڈی ایل کے لیاب ڈائرکٹرس نے میزائیل تیاری میں حالیہ نئی اختراعات کی تفصیلات بیان کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع اجئے بھٹ نے کہا کہ چھوٹی و متوسط صنعتوں اور خانگی اداروں کو ملک میں دفاع سے متعلق شعبہ جات میں داخلہ کیلئے ڈی آر ڈی او کے انفراسٹرکچر اور نالج سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کو ہتھیاروں سے متعلق سسٹم کی برآمدات میں ڈی آر ڈی او کو ورلڈ لیڈر کا رول ادا کرنا چاہیئے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ دفاع موجودہ دور میں صرف زمین، پانی اور فضاء تک محدود نہیں رہا ہے بلکہ اس کی وسعت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ وزیر نے میزائیل سسٹمس کا عملی مظاہرہ دیکھا اور ڈی آر ڈی او کی عصری ٹکنالوجی پر سائینسدانوں کو مبارکباد پیش کی۔ اگنی، آکاش، آکاش ناگ اور دیگر میزائیلس کی تیاری پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام میزائیل کامپلکس کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ملک کے دفاعی نظام کے استحکام کا جو نشانہ مقرر کیا گیا ہے اس پر عمل آوری میں ڈی آر ڈی او کے سائینسداں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔1