دلت بندھو پر عمل آوری کے لیے حکومت پر دباؤ
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ مناسب وقت پر کے سی آر کو جواب دیا جائے گا اور وہ اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ انہیں کوئی چھو نہیں سکتا۔ بی جے پی کے دلت شعبہ کی جانب سے منعقدہ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری تک بی جے پی خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے چیلنج کیا ہے کہ بدعنوانیوں کی تحقیقات کرائی جائیں اور انہیں چھو کر بتائیں ۔ سنجے نے کہا کہ مناسب وقت پر ہم یہ کام کر دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں ہر دلت خاندان کو دلت بندھو اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے کی فراہمی بی جے پی اپنے ذمہ لیتی ہے اور حکومت پر عمل آوری کیلئے دباؤ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے سی آر اسکیم پر عمل نہ کریں تو انہیں دلتوں کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑیگا۔ دلتوں کے ووٹ سے کے سی آر دو مرتبہ چیف منسٹر بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے ایس سی ارکان اسمبلی کو یہ طئے کرنا ہوگا کہ انہیں دلت بندھو اسکیم چاہیئے یا نہیں۔ بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی پیشکشی کے وقت کے سی آر ایوان سے غیر حاضر تھے۔ر