منشیات کا بڑا ذخیرہ ضبط ، پانچ افراد گرفتار

   

تلاشی مہم کے دوران ایس او ٹی ملکاجگیری و سرور نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /13 مارچ ( سیاست نیوز ) اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ نے ایک بڑی کارروائی میں منشیات کے بڑے ذخیرہ کو ضبط کرلیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ تلاشی مہم کے دوران حاصل اطلاعات کے بعد ایس او ٹی ملکاجگیری اور سرور نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1.5 کیلو گرام ممنوعہ کوکین ہیرون کمیکل پاوڈر اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ جن کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ 48 سالہ شیخ عابد 27 سالہ اومکر ساکنان نیلور 48 سالہ چکرادھر چاری متوطن چنائی 27 سال راج شیکھر ساکن نیلور اور کنکا راجو ساکن ویزاگ کو گرفتار کرلیا جبکہ نیلور کا ساکن امجد مفرور بتایا گیا ہے ۔ عابد نے منشیات کو اپنے ساتھی کے ذریعہ حاصل کرنے کے بعد اس کو فروخت کرنے کی کوشش میں تھا ۔ پیشہ سے بیڑی کا کاروبار کرنے والے عابد نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے منصوبہ تیار کیا اور تمام نے ملکر حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں اس کو فروخت کرنے کی کوشش کی ۔ جو کافی دنوں سے گراہکوں کی تلاش میں تھے ۔ اسی دوران تلاشی مہم میں سرور نگر پولیس حدود میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد پولیس نے انتہائی چوکسی کے ذریعہ اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا ۔