منشیات کا کاروبار کرنے والے انجینئرنگ کے طلباء گرفتار

   

حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم مادھا پور نے منشیات کے معاملہ میں انجینئرنگ کے دو طلباء کو گرفتار کرلیا۔ ایس او ٹی مادھا پور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ان دو افراد سوریہ کمار اور شیام بابو کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے28 گرام ایم ڈی ایم اے کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 4 لاکھ 20 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ گرفتار طلباء انجینئرنگ کے طالب علم ہیں جن کا تعلق راجہ مہندراورم ضلع آندھرا پردیش سے بتایا جاتا ہے جو ایم ڈی ایم اے بنگلور سے خرید رہے تھے اور ان دونوں نے اعلیٰ تعلیم کیلئے بنگلورو کا رخ کیا۔ اس ٹولی کے اصل سرغنہ سولومن سے منشیات خریدا کرتے تھے جو بنگلورو میں رہتا ہے۔ کم قیمت میں منشیات خرید کر زائد قیمت میں فروخت کررہے تھے۔ گرفتار طلباء کے والدین مرکزی حکومت کے سرکاری ملازم بتائے گئے ہیں۔ ایس او ٹی نے گرفتار طلباء کو ضبط شدہ منشیات کے ساتھ مزید کارروائی کیلئے مادھا پور پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ع


بنڈلہ گوڑہ کے ایک مکان سے نعش برآمد
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) بنڈلہ گوڑہ پولیس نے ایک مکان سے ایک شخص کی نعش کو برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق مقامی عوام نے مکان سے بدبو کی شکایت کی تھی اور پولیس نے مکان واقع بنڈلہ گوڑہ پہنچ کر 40 سالہ امیر خاں کی نعش کو برآمد کرلیا جو آٹو ڈرائیور تھا۔ پولیس نے مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ع