چوٹ اپل اور نارائن منڈل کے پولنگ اسٹیشنوں کا جائزہ ، کمشنر مہیش بھگوت کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 نومبر ( سیاست نیوز) منوگوڑہ ضمنی انتخابات میں کل رائے دہی کے پیش نظر رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے سخت ترین صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ منوگوڑہ حلقہ اسمبلی کے تحت چوٹ اپل اور نارائن پور منڈل کے علاقہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں پائے جاتے ہیں ۔ کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے آج اس سلسلہ میں اعلیٰ سطح کاجائزہ اجلاس منعقد کیا اور رائے دہی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ چوٹ اپل اور نارائن پور منڈل کے 89 پولنگ اسٹیشن پر (122) پولنگ بوتھ پائے جاتے ہیں ۔ کمشنر نے بتایا کہ ان علاقوں میں 16 مقامات پر 35 حساس پولنگ اسٹیشن کی نشاندہی کی گئی ہے اور سابق تجربات اور واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے موثرانتظامات کئے جارہے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مرکزی ٹیم فوجی دستو ں کے علاوہ اے آر اور سی آئی ایس ایف پولیس کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات کو رونما ہونے سے روکا جاسکے ۔ ضمنی انتخابات کی اہمیت اور حلقہ میں سیاسی رسہ کشی کے پیش نظر تمام طرح کے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں اور موبائیل اسٹرائکنگ فورس ، اسپیشل سروئیلنس فلائنگ اسکواڈ کے علاوہ اس مرتبہ آئی ٹی سیل کو بھی متحرک کردیا گیا ہے اور کنٹرول روم کو قائم کرتے ہوئے رائے دہی کے مکمل عمل پر سخت نظر رکھی جارہی ہے ۔ رائے دہی کے عمل کو آسان اور پُرسکون بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے ضمنی انتخابات کے پیش نظر کی گئی کارروائی اور تلاشی مہم میں تاحال 4 کروڑ روپئے نقد رقم ،ایک ہزار لیٹر شراب ، 3.5 کیلو سونا ، 11.5 کیلو گانجہ کو ضبط کیا گیا ۔ انہوں نے عوام سے پُرسکون انداز میں رائے دہی میں حصہ لینے کی خواہش کی ۔ ع