منوگوڑ میں ووٹ کیلئے شراب اور دولت کی کھلے عام تقسیم

   

الیکشن کمیشن کی چوکسی بے فیض، غیر مقامی افراد کی موجودگی کی شکایت
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی چناؤ کی رائے دہی کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور حلقہ میں بڑے پیمانے پر رقومات اور شراب کی تقسیم کی اطلاعات ہیں۔ الیکشن کمیشن نے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے بھی جگہ جگہ تلاشی مہم شروع کی گئی تاکہ غیر مقامی افراد کی موجودگی کا پتہ چلایا جاسکے۔ انتخابی قواعد کے مطابق مہم کے اختتام کے بعد کسی بھی غیر مقامی شخص کو حلقہ میں موجود رہنے کی اجازت نہیں ہوتی لیکن منوگوڑ میں تینوں اہم سیاسی پارٹیوں کے غیر مقامی کارکن رقومات کی تقسیم میں مصروف بتائے جاتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گاؤں گاؤں پہنچ کر بھاری رقومات اور شراب تقسیم کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حلقہ میں 160 کروڑ مالیتی شراب تقسیم کی گئی ہے اور ہر گاؤں میں کروڑہا روپئے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ پولیس کی چوکسی کے باوجود اطراف کے علاقوں سے منوگوڑ میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کا کھلے عام شراب اور دولت تقسیم کرنا باعث تشویش ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی تینوں ایک دوسرے پر شراب اور دولت کی تقسیم کا الزام عائد کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دولت کی تقسیم کے معاملہ میں برسراقتدار پارٹی نے اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی جارہی ہے۔ر