منی پور تشدد۔ میزو رم میں 7700سے زائد قبائیلیوں نے لی پناہ

,

   

بے گھر ہونے والو ں کی تعداد 25000سے زائد ہے‘ تقریبا1700مکانات کو آگ لگائی گئی ہے اور 200سے زائد گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں
ایزوال۔نسلی تشدد کا شکار منی پور سے قبائیلیوں کا میزورم منتقل ہونا جاری ہے 7700سے زائد لوگوں نے ریاستوں (میزورم)کے اٹھ اضلاعوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں‘ عہدیداروں نے اس بات کی جانکاری دی ہے۔

ازوال میں عہدیداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ منی پور کے قبائیلی اکثریت والے اضلاعوں میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے تشدد کے واقعات رونما ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں‘ مزید بے گھر افراد جس کاتعلق زوس نسل سے ہے جنھیں کوکیوں کے نام سے جانا جاتا ہے میزورم میں پناہ لے سکتے ہیں۔

عہدیداروں کے مطابق سب سے زیادہ تعداد 2690کے قریب لوگوں کی کولا سیب ضلع میں پناہ لینے والی کی ہے‘ جو آسام کی سرحد پر ہے‘ اس کے بعد2386اور2153لوگ بالترتیب ایزوال اور سائتول اضلاعوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں‘ وہیں ماباقی لوگ دیگر پانچ اضلاعوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ میزورم میں اپنے رشتہ داروں او ردوستوں کے پاس پناہ لئے ہوئے ہیں‘ وہیں کئی بے یارومددگار لوگوں کو کمیونٹی ہالوں اور اسکول اور خالی عمارتوں میں رکھاگیاہے۔

درایں اثناء مختلف تنظیمیں جس میں بڑے پیمانے پر خواتین شامل ہیں منی پور کے وادی اضلاعوں میں احتجاجی دھرنا پر بیٹھے ہوئے ہیں او ر پچھلے کچھ دنوں سے مانگ کررہے ہیں کہ کوکی عسکریت پسندوں کے ساتھ اپریشن کی معطلی(ایس او او)کو منسوخ کریں اور ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا”غیرقانونی میانماری تارکین وطن“ کو ملک بدر کیاجائے اور پہاڑی علاقوں میں پوپی کی کاشت پر روک لگائی جائے۔۔ اسکے علاوہ یہ تنظیمیں 10قبائیلی اراکین اسمبلی کی اس مانگ کی بھی سختی کے ساتھ مخالفت کررہے ہیں جس میں منی پور کو تقسیم کرکے ایک علیحدہ ریاست کی تشکیل کا مطالبہ کیاجارہا ہے۔

چیوکان میں منگل کے روز تشدد کے تازہ واقعات کے بعد دوکانیں بند رکھی گئی ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے لوگوں سے گھر کے اندر رہنے کا استفسار کیاہے۔

حال ہی میں منی پور میں پیش ائے تشدد کے واقعات میں مختلف اضلاعوں میں جھڑپوں‘ دوکانات او رمکانات کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کونذر آتش کرنے کے واقعات پیش ائے ہیں۔ منی پو رمیں جملہ 71لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 300 دیگر زخمی ہیں جس میں پولیس جوان بھی شامل ہیں۔

ریاست کے 16اضلاعوں میں 11اضلاع متاثر ہوئے ہیں جس میں چھ اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔بے گھر ہونے والو ں کی تعداد 25000سے زائد ہے‘ تقریبا1700مکانات کو آگ لگائی گئی ہے اور 200سے زائد گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں۔