موبائل فون کیلئے اسپیئر پارٹس حاصل کرنا اب ایک مہنگا سودا

   

حیدرآباد۔ 20 مئی(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کے ساتھ ہی زندگی نئی منزل کی طرف رواں ہوئی اور بہت سے لوگوں کو جن کے موبائلس کو درست کرنا تھا اس میں انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔حیدرآباد شہر کی مشہور جگدیش مارکیٹ میں کافی ہجوم تھا۔عوام کو جلد ہی احساس ہوا کہ ہول سیل موبائل مارکیٹ میں قیمتیں ایک جیسی نہیں ہیں کیونکہ اسٹاک محدود ہے۔ موبائل کی مرمت کی دکان سے باہر نکلنے والے ایک برہم صارف نے کہا میں بغیر کسی وارنٹی کے ایک بیٹری کے لئے دو ہزار روپے کیوں دوں؟ ایک اور صارف آنند کمار جو موبائل کی مرمت کے ٹیکنیشن سے بحث کر رہے تھے ، نے کہا ، میں یہاں ٹوٹی ہوئی اسکرین کی جگہ دوسری اسکرین لینے آیا ہوں اور ٹیکنیشن اسکرین کے لئے 5000 روپے مانگ رہا ہے۔ لاک ڈاؤن سے پہلے 1500 روپے میں یہ کام ہوتا تھا۔ جگدیش مارکیٹ کے موبائل مرمت والی شاپ مالکان کے مطابق ، نیا اسمارٹ فون اسپیئر پارٹ اسٹاک جنوری سے چین سے نہیں آیا ہے۔ ایک موبائل آلات فروخت کرنے والے عبید نے کہا میں نے دو ماہ سے اس دکان کا کرایہ ادا نہیں کیا ہے۔ اگر مجھ سے موجودہ اسٹاک کے ساتھ کرایہ کی ادائیگی کے لئے خاطر خواہ رقم کمائی نہیں جاتی ہے تو مجھ سے دکان کو خالی کرنے کو کہا جائے گا۔ کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ نیا اسٹاک کب آئے گا۔