نئی دہلی 16 ستمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن سے ٹیلی فون پر بات کی اور دونوں لیڈروں نے ہندوستان-ڈنمارک گرین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مودی نے کہاکہ “آج میں نے ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن کے ساتھ بہت اچھی بات چیت کی۔ ہم نے اپنی سبز اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کو جلد مکمل کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ ڈنمارک کو یورپی یونین کونسل کی صدارت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ہمارے مشترکہ مفادات پر بھی بات چیت ہوئی۔” وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، اختراع، توانائی، پانی کے انتظام، فوڈ پروسیسنگ اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں میں ہندوستان-ڈنمارک گرین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم مودی نے ڈنمارک کی یورپی یونین کونسل کی موجودہ صدارت کی کامیابی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی عارضی رکنیت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔