مودی حکومت نے30 فیصد اقلیتی طبقات کو نظرانداز کردیا : اتم کمار ریڈی

   

مذہبی منافرت کے ذریعہ اقتدار، کانگریس سیکولرازم کے اصولوں پر قائم
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت نے ملک میں 30 فیصد اقلیتی طبقات کو نظرانداز کردیا ہے۔ بی جے پی کے مرکز میں برسراقتدار آنے کے بعد سے اقلیتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا اور ان کی ترقی سے مودی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں۔ کانگریس پارٹی کے ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ علاقائی جماعتوں نے ملک میں عوام کو مایوس کردیا ہے۔ زیادہ تر علاقائی جماعتوں کی واحد پالیسی موقع پرستی ہے۔ ٹی آر ایس کے کوئی اصول و ضوابط نہیں ہیں صرف اقتدار میں برقرار رہنا اس کا عین مقصد ہے جس کے لئے عوام کو وعدوں کے ذریعہ گمراہ کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گاندھی جی کے قاتل بی جے پی اور آر ایس ایس ہیں اور ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلاتے ہوئے اکثریتی طبقہ کا ووٹ بینک مستحکم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پنڈت جواہر لال نہرو کی خدمات اور ان کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کررہی ہے اسی مقصد سے ساورکر کو دیش بھکت کے طور پر عوام میں پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کی بھلائی کو اولین ترجیح دی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں کسانوں کے تمام قرضہ جات معاف کرنے کا سہرا کانگریس کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ فرقہ پرست طاقتوں سے کانگریس نے کوئی مفاہمت نہیں کی۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک کی تاریخ کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور سنگھ پریوار کے نظریات رکھنے والوں کو مجاہدین آزادی کے طور پر پیش کرنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس ملک کی جدوجہد آزادی میں حصہ داری کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ سنگھ پریوار کے نظریات سے تعلق رکھنے والوں نے جدوجہد آزادی میں حصہ نہیں لیا لیکن مرکزی حکومت ملک کی نئی تاریخ رقم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک میں فرقہ وارانہ منافرت کو پھیلا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے دستوری اور قانونی اداروں کو تباہ کردیا ہے اور ان کی کارکردگی متاثر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد میڈیا کی آزادی اور اظہار خیال کی آزادی کو ختم کردیا گیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس کے سیکولر نظریات سے عوام کو واقف کرائیں۔ر