مودی حکومت کے انیائے کو ہمارا نیائے مٹا دے گا

   

غریبوںکو 72 ہزار روپئے اقل ترین اجرت کا تیقن ، راہول گاندھی کا خطاب
گیا (بہار)۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے نیائے اس لئے پیش کیا ہے اور اس کے تحت تجویز پیش کی ہے کہ اقل ترین آمدنی طمانیت اسکیم کا آغاز کیا جائے تاکہ مودی حکومت نے جو نیائے کیا ہے، اس کو مٹا کر غریب عوام کے ساتھ نیائے کیا جائے۔ انہوں نے اس اسکیم کا نام نیائے ایک حقیقت پسندانہ اقدام قرار دیا جو معیشت پر بوجھ ڈالے بغیر یا عوام پر اضافی ٹیکس بوجھ عائد کئے بغیر شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں مودی نے شیخی بگھارتے ہوئے تمام غریب عوام کے بینک کھاتوں میں فی کس 15 لاکھ روپئے جمع کروانے کا اعلان کیا تھا جس کی تاحال تکمیل نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنا جھوٹا نیائے پھیلا رہے ہیں اور جب کانگریس ایک حقیقت پسندانہ اسکیم کی تجویز پیش کرتی ہے تو وہ برہم ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تیقن دیتے ہیں کہ ان کی اسکیم کا نفاذ ان کی پارٹی مرکز میں برسراقتدار آتے ہی کیا جائے گا اور عوام کی جیبوں سے پیسے انیل امبانی جیسے سرمایہ داروں کی جیب میں منتقل نہیں کئے جائیں گے۔ نیرو مودی اور مہول چوکسی نے چوکیدار کے برسراقتدار آتے ہی ان کی ناک کے نیچے سے عوامی رقم سرقہ کرلی اور ملک سے فرار ہوگئے، وہ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیائے اسکیم پر جملہ 3.60 لاکھ کروڑ روپئے پانچ سال کی مدت میں صرف ہوں گے اور وہ سچائی کا سودا نہیں کرے گی۔ صدر کانگریس نے اداکار سے سیاست داں بننے والے شتروگھن سنہا کی موجودگی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ سنہا حال ہی میں بی جے پی سے ترک تعلق کرکے کانگریس میں شریک ہوئے ہیں اور وہ مہا گٹھ بندھن کے مقامی امیدوار ہیں۔ سابق چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی بھی جلسہ میں شریک تھے۔ انہوں نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے جنہوں نے غریبوں کا چوکیدار ہونے کا دعویٰ کیا ہے،

کہا کہ غریب آدمی چوکیدار نہیں رکھ سکتا۔ یہ صرف مالدار افراد کی عیاشی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی صرف تاجر برادری جیسے نیرو مودی، انیل امبانی اور مہول چوکسی کے چوکیدار ہیں۔ راہول گاندھی کی تقریر پر ’’چوکیدار چور ہے‘‘ کے نعرے لگائے گئے اور تالیاں بجا کر ان کی تقریر کا خیرمقدم کیا گیا۔ صدر کانگریس نے کہا کہ ان کے نیائے کے دوررس اثرات ہوں گے اور ان کی جھلک ہر شعبہ میں دیکھی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایسا کبھی سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ غریب ترین افراد کو سالانہ 72,000 روپئے اقل ترین آمدنی کی ضمانت دی جاتی ہے۔