کانگریس کا دوبارہ اقتدار میں آنا ناممکن ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کی انتخابی مہم
حیدرآباد ۔ 24 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ملک میں وزیراعظم کو للکارنے والی ایک ہی شخصیت ہے جس کا نام کے چندر شیکھر راؤ ہے ۔ تلنگانہ میں مسلمان خوشحال ہیں ۔ ہر شعبہ حیات میں ٹی آر ایس حکومت مسلمانوں کی رہبری اور حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ تلنگانہ میں فرقہ پرستوں اور مفاد پرستوں کے تمام سازشوں کو ناکام بنادیا گیاہے ۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے چوٹ اپل و چنڈور منڈلوں کے مختلف مقامات پر مسلمانوں بالخصوص خواتین کے متعدد اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں بی جے پی کی فرقہ پرستی کانگریس کی مفاد پرستی اور ٹی آر ایس حکومت کی ترقی اور فلاح و بہبود پر روشنی ڈالتے ہوئے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کے امیدوار کے پربھاکر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔محمد محمود علی نے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی متعصبانہ پالیسیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس کے خلاف چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ بے باک انداز میں مقابلہ کررہے ہیں عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے مرکزی حکومت پر مسلسل دباؤ بنایا جارہاہے ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ منوگوڑ کی پسماندگی پر روشنی اور ٹی آر ایس کی نمائندگی والی اسمبلی حلقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2018 میں یہاں کے عوام نے کانگریس کے امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو کامیاب بنایا تھا ۔ انہوں نے چار سال تک حلقہ کو کوئی ترقی نہیں دی اور نہ ہی عوام سے کبھی ملاقات کی ۔ 18 ہزار کروڑ روپئے کے کنٹراکٹ کیلئے اپنے آپ کو بی جے پی کو فروخت کردیا جس کی وجہ سے ضمنی انتخاب منعقد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی پر ترقی اور فلاحی کام انجام دینے کے بجائے مسلمان ، مندر ، مسجد کے مسائل میں عوام کو الجھا کر سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی دوہری پالیسیوں سے اس کا وجود ملک میں خطرے میں پڑگیا ہے ۔ کانگریس کا دوبارہ اقتدار میں آنا ناممکن ہے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں مسلمانوں کی جو ترقی ہوئی ہے اس کی مثال ملک بھر میں کہیں نہیں ملتی ۔ وزیر داخلہ نے مسلمانوں سے ٹی آر ایس کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ن