مودی کے کھوکھلے نعروں سے نوجوان بیروزگار:راہول

,

   

’میک ان انڈیا ‘ کیلئے وزیراعظم کا نعرہ لیکن مارکٹ میں ’میڈ ان چائنا‘کا سیلاب
سیلم (ٹاملناڈو)۔12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج یہاں وزیراعظم نریندر مودی کے ’میک ان انڈیا ‘ نعرے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ملک کے سارے مارکٹ پر اس وقت چینی ساختہ اشیاء کا سیلاب اُمڈ آیا ہے ۔ راہول گاندھی نے ٹاملناڈو کے نوجوانوں میں بیروزگاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی نے گذشتہ پانچ سال کے دوران ان نوجوانوں کو تکلیف پہنچائی ہے ۔ راہول گاندھی نے انتخابی ریالی سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ وزیراعظم مودی نے بیرونی ملکوں کے خفیہ بینک کھاتوں میں پوشیدہ دولت مند افراد کے رقومات ملک واپس لانے اور کالا دھن کو ملک کی ترقی پر استعمال کرنے کے علاوہ نوجوانوں کے کھاتوں میں رقومات جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ وعدے پورے نہیں کئے گئے ۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ’’ انہوں ( مودی) نے آپ کو’میک ان انڈیا ‘ جیسے کھوکھلے نعرے دیئے لیکن ہم جہاں کہیں بھی دیکھتے ہیں ہمیں ہر طرف چینی ساختہ اشیائاور ساز و سامان ہی نظر آرہا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اجازت کی منظوری ناملنے کے سبب کئی کاروبار ختم ہوچکے ہیں ۔ کانگریس نئے صنعت کاروں کیلئے اپنے منشور میں نئے نظریات پیش کئے ۔

سلیگوڑی پولس نے راہول کے ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی
کلکتہ 12اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سلی گوڑی پولس نے راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کو سلی گوڑی پولس کمشنریٹ کے گراؤنڈ میں لینڈنگ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔راہل گاندھی سلی گوڑی کے داگا پور میں 14اپریل کو ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔کانگریس نے کہا ہے کہ اگر کانگریس صدر کے ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ کیلئے متبادل جگہ کا فوری انتظام نہیں ہوا تو راہل گاندھی کا پروگرام رد کردینا پڑے گا۔سلی گوڑی پولس نے بتایا کہ یہ گراؤنڈ اس وقت پارکنگ کیلئے استعمال ہورہا ہے ۔