موسمی بیماریوں کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے

   

صفائی انتظامات پر سختی سے عمل کیا جائے ، تمام محکمہ میں تال میل پر زور ، نظام آباد میں جائزہ اجلاس سے کلکٹر کا خطاب
نظام آباد۔16 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ برسات کے موسم میں پھیلنے والی سیزنل بیماریوں کے تدارک کے لئے مؤثر اور پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ڈینگی، ملیریا، چکن گونیا اور دیگر وبائی بخاروں سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ آفسس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں سیزنل بیماریوں کی روک تھام کے سلسلے میں منعقدہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ گزشتہ برس ضلع کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کے کیسوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا، اس لیے اس سال کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے تمام محکمے باہمی اشتراک سے کام کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کہیں بھی بارش یا گندے پانی کا ٹھہراؤ نہ ہونے دیا جائے، پینے کے پانی کی پائپ لائنوں میں رساؤ کو فوری دور کیا جائے اور رہائشی علاقوں میں جھاڑیوں، کوڑا کرکٹ اور گندگی کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آشا ورکرس اور اے این ایمس گھر گھر جاکر عوام میں صفائی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق بیداری پیدا کریں جبکہ ’’فرائیڈے ڈرائی ڈے‘‘ پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ کلکٹر نے خبردار کیا کہ اگر غفلت یا ناقص انتظامات کے سبب کسی علاقے میں سیزنل بیماریاں پھیلتی ہیں تو متعلقہ عہدیداروں اور عملے کو ذمہ دار قرار دیا جائیگا۔انہوں نے میونسپل اور پنچایت حکام کو ہدایت دی کہ خالی پلاٹس میں پانی جمع ہونے یا کچرا پھینکے جانے کی صورت میں مالکان کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں۔ کلکٹر نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ تمام سرکاری طبی مراکز میں ضروری ادویات اور طبی سہولیات دستیاب رکھی جائیں اور مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے دیہی علاقوں میں ہفتہ میں کم از کم دو مرتبہ ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے پیش نظر اسکولوں، اقامتی مدارس اور فلاحی ہاسٹلس میں بھی صفائی اور مچھر کش اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ بعد ازاں تمباکو کنٹرول سے متعلق ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کلکٹر نے تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے متعلق وسیع پیمانے پر عوامی بیداری مہم چلانے اور تمباکو کی فروخت سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وی بھوجنگ راؤ، ٹرینی کلکٹر پی سریش، میونسپل کمشنر دلیپ کمار، ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راج شری، جی جی ایچ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رامولو اور مختلف محکموں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔