حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : موسیٰ ندی کو ترقی دینے اور خوبصورت بنانے کے لیے ماسٹر پلان اگست کے اختتام تک تیار ہوگا ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے یہ بات کہی ۔ ان کی صدارت میں کل سکریٹریٹ میں موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے لیے تبادلہ خیال کرنے موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی 24 ویں بورڈ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کارپوریشن کے ایم ڈی امرپلی کٹا اس پورے پراجکٹ پر اختصار کے ساتھ روشنی ڈالی ۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق دانا کشور نے کہا کہ کئی خانگی کمپنیاں اس پراجکٹ میں دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ بورڈ کے اجلاس میں عثمان ساگر سے آوٹر رنگ روڈ نزد گاؤریلی اور حمایت ساگر سے باپو گھاٹ لنگر حوض تک موسیٰ ندی کے کنارے کو ترقی دینے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس اجلاس میں شہر میں موسیٰ ندی کے اطراف ہیری ٹیج عمارتوں کے تحفظ ، بحالی اور ترقی دینے کی تجویز پر غور کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا گیا ۔۔