موٹر ریس مقابلوں کے 125 سال مکمل،اخبار کی تشہر مقصد تھا

   

پیرس ۔ 22جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) موٹر ریس کا پہلا مقابلہ لی پٹیٹ جرنل نامی اخبار نے 22 جولائی 1894 کو روئن سے فرانس تک منعقدکروایا تھا۔ دراصل اخبار کا اصل مقصد فرانس میں اس اخبارکو فروغ اور متعارف کروانا تھا جس کے لیے مقابلہ جیتنے والوں کے لیے انعام کے طور پر اس وقت کی فرانسیسی کرنسی کے 10000 فرانک مقررکیے گئے۔ پہلے نمبر پر آنے والے ڈرائیورکو5000 فرانک، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 2000 تیسرے کو 1500 اور چوتھے نمبر پر آنے والے کو500 فرانک کی انعامی رقم دی گئی تھی۔ریس کا یہ مقابلہ چار دن تک جاری رہا جس میں 102 رجسٹرڈگاڑیوں میں سے 21 نے حصہ لیا۔ صرف 15 گاڑیاں ٹریک کی اختتامی لائن تک پہنچنے میں کامیاب رہیں اور نو گاڑیاں انجن اور باڈی کے ساتھ سلامت تھیں۔ گاڑیوں کی اس نمائش اور ریس کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ریس کا ٹریک 126 کلومیٹر تک رکھا گیا تھا جس کے اطراف میں اخبار لی پٹیٹ نے اشتہارات اور پٹرول کے لئے کیمپ لگا ئے تھے۔ ریس ٹریک کو سب سے پہلے عبور کرنے والے ڈرائیور لی کومٹ ڈی ڈیون تھے جنھوں نے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 6 گھنٹے 48 منٹ میں یہ فاصلہ طے کیا تھا لیکن ان کی اسٹیم انجن والی گاڑی اسٹوکر کے بغیرتھی اور ریس کے بعد کار کی حالت خستہ ہو گئی تھی۔ ریس کے قانون کے مطابق ایسی گاڑی ریس کا حصہ نہیں بن سکتی تھی بس یہی وجہ تھی کہ اس قانون کی پاسداری نہ کرنے پر اخبار کی انتظامیہ نے ان کو دوسرا نمبردیا۔ ریس کے پہلے نمبر کی انعامی رقم 5000 فرانک البرٹ لیمائٹر نے حاصل کی تھی انھوں نے پیگیوٹ گاڑی پر 126 کلو میٹر کا فاصلہ 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طے کیا تھا۔ ویسے تو 1810 سے پیگیوٹ گاڑیاں بنا رہی تھی لیکن اس ریس کو جیتنے کے بعد سے پیگیوٹ گاڑی کو دنیا بھر میں پزیرائی ملی اورآج بھی ان کی رفتار اورمینوفیکچرنگ دنیا بھر میں مشہور ہے۔اس ایونٹ کے بعد اگلے ہی روز لی پٹیٹ جرنل اخبار نے ہیڈ لائن ایسی لگائی جس کے بعد گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ریس کا رجحان بڑھتا ہی چلا گیا اور آج بھی جب کسی جگہ ریس کا انعقاد کیا جاتا ہے تو لی پٹیٹ اخبار کا نام افتتاحی تقریب میں ضرور لیا جاتا ہے۔اس اخبار کی سرخی یہ تھی: ا?پ موٹر کار کے بغیر کیسے سفر کر سکتے ہیں؟۔