موہن سنگھ بشٹ دہلی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ہوں گے

   

نئی دہلی: بی جے پی کے مصطفی آباد حلقے کے ممبر اسمبلی موہن سنگھ بشٹ دہلی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ہوں گے ۔ آج 27 فروری کے لیے اسمبلی کے جاری کردہ ایجنڈہ میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے حوالے سے یہ اطلاع دی گئی ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا مسٹر بشٹ کو ڈپٹی اسپیکر بنانے کے لئے ان کے نام کی تجویز پیش کریں گی ۔ جبکہ کابینی وزیر منجندر سنگھ سرسا وزیر اعلیٰ کی تجویز کی تائید کریں گے ۔ممبر اسمبلی انل کمار شرما بشٹ کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کرنے کے لئے دوسرے تجویز کنندہ ہوں گے اور گجیندر سنگھ یادو ان کی تائید کریں گے ۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد ایکسائز پالیسی پر ایوان میں پیش کردہ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ پر بحث کی جائے گی۔ سی اے جی کی رپورٹ میں دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کے دور میں متنازعہ ایکسائز پالیسی میں مختلف بے ضابطگیوں کو اجاگر کرتے ہوئے سخت تبصرے کیے گئے ہیں۔