مہاراشٹرا میں مجالس مقامی انتخابات ‘ بی جے پی کا ناقص مظاہرہ

   

ناگپور میں بھی شکست ‘شیوسینا ۔کانگریس ۔ این سی پی اتحاد کو شاندار کامیابیاں

ممبئی 11 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا وکھاس اگھاڑی حکومت کی حصہ دار جماعتوں شیوسینا ‘ این سی پی اور کانگریس کو حالیہ میونسپل کونسل اور نگر پنچایت انتخابات میں تین اضلاع میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ لنجا نگر پنچایت ( رتناگیری ) کنہن پیپاری میونسپل کونسل ( ناگپور ) اور چندرا پور میں جملہ 51 نشستوں میں شیوسینا نے 17 ‘ کانگریس نے 14 اور این سی پی نے چار نشستوں سے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بی جے پی کو 11 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ ان تینوں مجالس مقامی میں فی کس 17 رکنی ایوان ہے ۔ لنجا میں شیوسینا کو نو نشستیں حاصل ہوئی ہیں اور اس نے وہاں صدر کا عہدہ حاصل کرلیا ہے جبکہ بی جے پی کو صرف تین اور کانگریس کو دو اور تین آزاد ارکان کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ چندرا پور میںکانگریس اور شیوسینا کو فی کس پانچ ‘ این سی پی کو چار ‘ بی جے پی کو دو اور ایک آزاد کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ یہاں صدر کا عہدہ کانگریس نے حاصل کرلیا ہے ۔ ان میونسپل کونسلوں کیلئے انتخابات 9 جنوری کو منعقد ہوئے تھے اور نتائج کا دوسرے دن اعلان کیا گیا ۔

تالے گاوں دبھاڈے ‘ بھوساول ‘ نندورا اور کالمیشور میونسپل کونسل کی چار نشستوں کیلئے بھی ضمنی انتخابات ہوئے تھے ۔ کملیشور ( ناگپور ) میں بی جے پی کو نشست حاصل ہوئی جبکہ کانگریس نے نندورا میں اور بھوساول میں این سی پی نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ چھ میونسپل کارپوریشنوں میں بھی ایک ایک نشست کیلئے ضمنی انتخاب ہوئے تھے ۔ این سی پی اور شیوسینا نے فی کس دو نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ جے ڈی ایس کو مالیگاوں میں ایک نشست حاصل ہوئی ۔ بی جے پی کو ناگپور میںجبکہ کانگریس کو لاتو میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ ممبئی میں شیوسینا کامیاب رہی ہے ۔ نندوربار ‘ دھولے ‘ واشم ‘ اکولہ ‘ ناگپور اور پال گھڑ میں ضلع پریشد انتخابات میں بھی بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ بی جے پی کو ناگپور میں شکست ہوئی جبکہ دھولے میں اس نے کامیابی حاصل کی ۔ کانگریس ‘ این سی پی اور شیوسینا نے دوسرے مقامات پر بھی اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے ۔