مہاراشٹرا میں نئے زرعی قوانین پر عمل نہیں ؟

   

مخلوط حکومت کے شرکاء کانگریس اور این سی پی قوانین سے ناراض

پونے: کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) جو مہاراشٹرا میں برسراقتدار مخلوط کا حصہ ہیں، دونوں نے آج کہاکہ وہ یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ زرعی شعبہ کے اصلاحات پر مبنی بلوں پر ریاست میں عمل آوری نہ ہونے پائے۔ پونے میں میڈیا سے بات چیت میں ڈپٹی چیف منسٹر اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ ساتھ این سی پی اور دیگر پارٹیاں بھی نئے بلوں کے خلاف ہیں۔ کسانوں کا ماننا ہیکہ یہ قوانین ان کیلئے فائدہ مند نہیں ہے۔ ان کو منظور کرنے میں عجلت کی ضرورت نہ تھی۔ قبل ازیں پردیش کانگریس کے سربراہ اور وزیرمال بالا صاحب تھوراٹ نے کہا کہ وہ حلیف پارٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے نئے زرعی بلوں پر عدم عمل آوری کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ پردیش کانگریس کے قائدین گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے اس مسئلہ پر 28 ستمبر کو ملاقات کرینگے جبکہ 2 اکٹوبر کو نئے بلوں کے خلاف ریاست گیر دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زرعی شعبہ کے دونوں بلوں کے ساتھ ساتھ مزدوروں سے متعلق بلو ں کی بھی منسوخی چاہتی ہے۔ وزیرتعمیرات وکانگریس لیڈر اشوک چوان نے بھی کہا کہ نئے بل سے صرف امیروں کو فائدہ ہے۔