مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ‘ 70 سال میں مثال نہیں

   

گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سنگاریڈی میں بی آر ایس کا احتجاج، مختلف قائدین کا خطاب

سنگاریڈی۔ 2؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مرکزی حکومت کی جانب سے گھریلو پکوان گیس سیلینڈر کی قیمت میں 50 روپئے اضافہ کرنے کے فیصلہ کے خلاف بی آر ایس پارٹی نے آج سنگاریڈی میں زبردست احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ بی آر ایس قائدین و کارکنان جس میں خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل تھی نے گیس سیلنڈر اور مرکزی بی جے پی حکومت کے خلاف پوسٹر لیکر راستہ روکو منظم کیا۔ احتجاج میں منجو شری جئے پال ریڈی چیرمین ضلع پریشد’ ایرولہ سرینواس چیرمین ٹی ایس ایم آئی ڈی سی’ شیو کمار چیرمین ڈی سی ایم ایس، پی مانکیم وائس چیرمین ڈی سی سی بی’ ایم اے حکیم اڈوکیٹ’ ڈاکٹر سری ہری’ بیریا یادو’ بی وجئے لکشمی چیرمین بلدیہ، نر ہر ریڈی چیرمین ڈسٹرکٹ لائبریریز، بچی ریڈی چیرمین سی ڈی سی، لتا وجئندر ریڈی وائس چیرمین بلدیہ، کنڈل ریڈی، منوہر گوڑ، شیخ رشید، شیخ امجد، عبدالعظیم، چنتا سائی، ناگاراجو، وینکٹیشور، بونگولہ روی، وجئندر ریڈی کے علاوہ بی آر ایس پارٹی کونسلرس، سرپنچ، عوامی منتخبہ نمائندے، پارٹی قائدین و کارکنان موجود تھے۔ اس موقع پٹنم مانکیم وائس چیرمین ڈسٹرکٹ کوآریٹیو سنٹرل بینک متحدہ ضلع میدک نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے گرانی میں اضافہ کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ مودی حکومت کے دوران جتنی گرانی بڑھی ہے اس کی نظیر گذشتہ 70 سال میں نھیں ملتی۔ نریندر مودی وزیر آعظم بننے کے بعد حکومت کا ایک ہی کام ہیکہ پیٹرول و ڈیزیل اور گھریلو پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاے۔ 2014 میں گھریلو پکوان گیاس سیلینڈر کی قیمت صرف 400 روپیہ تھی جس کو اچھے دن لانے کا وعدہ کرنے والی بی جے پی حکومت نے بڑھاکر نے 1160 روپیہ کردیا۔ اچھے دن لانے کا وعدہ کرنے والوں نے عوام کی آمدنی میں اضافہ کرنے کی ترکیب نھیں کی لیکن پیٹرول ڈیزیل گیاس کی قیمتوں میں اور جی ایس ٹی ٹیکس عائد کرتے ہوے عوام کو برے دن کی جانب ڈھکیل دیا۔ سال میں تین مرتبہ قیمتوں میں اضافہ مودی حکومت کا معمول بن گیا۔ بڑی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوں تو اس کی تکمیل تک قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جاتا، لیکن اس کے بعد تیزی سے قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں۔ پٹرول و ڈیزیل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور مرکزی حکومت کی پالیسی غریب کو پریشان اور امیر کو عیش و عشرت فراہم کرنا ہے۔ بی جے پی مرکزی حکومت کو ملک کے 80 فیصد غریب عوام کی بھلائی کی کوئی فکر نہیں ہے۔ گھریلو پکوان گیاس سیلینڈر کی قیمت میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے یہ غریب عوام کی دسترس سے باہر ہوگیا اور دیہاتوں میں غریب خاندانوں کی خواتین پھر ایک مرتبہ لکڑی کے چولھے جلانے پر مجبور ہیں۔ عوام 2024 انتخابات میں بی جے پی کو سبق سکھاتے ہوے اقتدار سے بے دخل کردیں گے۔