مہیش کمار گوڑ کی دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات،اہم امور پر گفتگو

   

ریاست کے تازہ سیاسی حالات اور حکومت کی ترقیاتی و فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا
حیدرآباد ۔23۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے دہلی میں قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی سے 10 جن پتھ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات تقریباً 15 منٹ تک جاری رہی جس میں ریاستی اور قومی سطح کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران مہیش کمار گوڑ نے راہول گاندھی کو تلنگانہ میں جاری ترقیاتی و فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا۔ ساتھ ہی انہوں نے ریاست میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کیں ، جن میں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی صدور ، ضلع و منڈل کمیٹیوں کے علاوہ ووٹر لسٹ کی واضح ترمیم SIR کے لئے BLAs کے تقررات اور تنظیمی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر دونوں قائدین کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مہیش کمار گوڑ نے ریاست میں ذات پات کی مردم شماری کے حوالہ سے پیشرفت سے بھی آگاہ کیا اور اس ضمن میں جامع سرکاری اعداد و شمار جاری کرنے کی بات کی۔ انہوں نے خواتین کے تحفظات بل میں بی سی طبقات کیلئے ریزرویشن شامل کرنے کی بھی درخواست کی۔ اس کے علاوہ مہیش کمار گوڑ نے آئندہ اے آئی سی سی نیشنل او بی سی اڈوائزری کونسل کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی جس پر راہول گاندھی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ مہیش کمار گوڑ کی راہول گاندھی سے کی گئی اس ملاقات کو آئندہ سیاسی حکمت عملی اور تنظیمی مضبوطی کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔2/k/m/b