میدک ریلوے اسٹیشن ، افتتاح سے قبل ہی خستہ حال

   


اکنا پیٹ ریلوے لائین کی تنصیب کا کام ادھورا ، ضلع میں تقریباً تمام ترقیاتی کام نامکمل ، ایم پی لاپتہ ، رکن اسمبلی کی بھی عدم توجہ ، کانگریس کا احتجاج

میدک : میدک اکنا پیٹ ریلوے لائین کے تنصیب کے کاموں میں تساہلی و غفلت برتنے پر صدر ضلع کانگریس میدک کے تروپتی ریڈی نے تاسف کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہاکہ میدک میں جو بھی ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں تاحال ادھورے ہی ہیں۔ کہیں تعمیر سست روی کا شکار ہے تو کہیں تعمیری کام پوری طرح روک دیئے گئے ہیں۔ مسٹر تروپتی ریڈی نے میدک ضلع کانگریس پارٹی انچارج مسٹر ناگیش مدراج اور اپنے پارٹی قائدین و کارکنوں کی بڑی تعداد کے ساتھ میدک میں واقع اپنی رہائش گاہ اندرا پوری کالونی سے میدک ریلوے اسٹیشن تک ایک ریالی نکالتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کا معائنہ کیا ۔ انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محض ریاستی حکومت کی جانب سے ریلوے لائین کے کاموں کے لئے رقمی بجٹ کی عدم اجرائی کی وجہ سے ریلوے تنصیب کے کام رُکے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 183 کروڑ ریلوے کے کاموں کی تکمیل کیلئے جاری کرنا تھا جس میں سے تاحال صرف 120 کروڑ کی اجرائی سے تمام کام ٹھپ ہیں۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن جس کی تعمیررُک جانے سے یہ جگہ غیرسماجی افراد کا اڈہ بن گئی ہے۔ یہاں غیرسماجی افراد شب و روز شراب نوشی کررہے ہیں اور یہاں موجود سامان کا بھی سرقہ ہوتا جارہا ہے ۔ میدک ریلوے اسٹیشن استعمال کے قبل یعنی افتتاح کے قبل تباہ ہورہا ہے ۔ فرش اُکھڑگیا ہے سیلنگ نکل گئی ہے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ چکے ہیں ۔ تمام کام غیرمعیاری ہیںجس کی وجہ سے افتتاح سے قبل تباہ ہوچکا ہے ۔ مسٹر ریڈی نے کہاکہ میدک اکنا پیٹ ریلوے اسٹیشن کی منظوری کے بعد منوہر آباد ۔ گجویل ۔ توپران ۔ ریلوے لائینس کی منظوری حاصل ہوئی اور یہاں تمام کام مکمل ہوگئے ۔ اس لائینس کا ٹرائیل رن بھی ہوچکا ہے اور گجویل سدی پیٹ ریلوے لائین کے کام بھی زوروں پر جاری ہیں جس کی تعمیر کیلئے حکومت کے پاس ہزاروں کروڑ کا بجٹ ہے تو میدک اکنا پیٹ ریلوے لائین کی تنصیب میں سوتیلا سلوک کیوں؟ انھوں نے کہاکہ ایم پی میدک پربھاکر ریڈی لاپتہ ہیں ۔ کبھی بھی اپنے حلقہ کیلئے بالخصوص میدک اکنا پیٹ ریلوے لائین کی تنصیب کے عمل کیلئے پارلیمنٹ میں سوال تک نہیں اُٹھائے ۔ اسی طرح ایم ایل اے میدک پدما ریڈی بھی اپنے حلقہ میں تمام ترقیاتی کاموں کو ادھورا چھوڑے ہوئے ہیں، تاحال کوئی کام بھی مکمل نہیں ہوا ۔ اس احتجاجی پروگرام میں انچارج نرسا پور حلقہ شریمتی ایس لکشمی ۔ صدر بلاک کانگریس مسٹر محمد حفیظ الدین ، کونسلر بلدیہ ، ایم انجیلو ، صدر ٹاؤن کانگریس جی انجیلو و دیگر قائدین رمیش ریڈی ، سمیع اﷲ خان لالو ، مہندر ریڈی ، بھرت گوڑ منصور احمد کے علاوہ سینکڑوں کارکن موجود تھے ۔