میدک ضلع میں نئے ایڈیشنل ایس پی کا استقبال

   

میدک ۔21 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھدرادری کتہ گوڑم ضلع سے تبادلہ پر میدک ضلع میں تعینات ہونے والے ایڈیشنل ایس پی وکرانت کمار سنگھ آئی پی ایس کا ضلع پولیس عہدیداروں نے استقبال کیا۔ واضح رہے کہ میدک ضلع میں بحیثیت ایڈیشنل ایس پی برسرخدمت سی مہیندر گزشتہ ماہ ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔ اس موقع پر ضلع پولیس دفتر میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،بعد ازاں عہدیداروں نے انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ضلع کے پولیس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے عوام کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ خوشگوار رویہ اختیار کیا جائے اور ان کے مسائل کی فوری یکسوئی کو یقینی بنایا جائے۔ اس پروگرام میں ڈی ایس پیز پرسنا کمار، نریندر گوڑ اور سبھاش چندر بوس سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔