میدک میونسپل کمشنر عوام اور منتخب نمائندوں کیلئے دستیاب نہیں: بٹی اجئے

   

میدک۔ 31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ رکشنا سینا (TRS) نے میدک میونسپل کمشنر کے رویہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ نہ عوام کے لیے دستیاب ہیں اور نہ ہی عوامی نمائندوں کی شکایات پر توجہ دے رہے ہیں۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ترقیاتی فنڈز کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے شہر کے بنیادی مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔میدک میں تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس پارٹی) کے دفتراندراپوری کالونی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میدک اسمبلی حلقہ کے انچارج بٹّی اجئے نے کہا کہ میدک کی کئی کالونیوں میں گندے پانی کی نکاسی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے اور نالیاں ابل کر گھروں اور تجارتی مراکز میں داخل ہورہی ہیں، لیکن شکایات کے باوجود میونسپل کمشنر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔بٹّی اجئے نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی سے متعلق نمائندگی کرنے والے شہریوں سے یہ پوچھا جاتا ہے کہ انہوں نے پراپرٹی ٹیکس یا واٹر ٹیکس ادا کیا ہے یا نہیں، عوام کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصول کرنا میونسپلٹی کا حق ہے، مگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا اس کی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ٹینڈرز اور ورک آرڈرز جاری ہونے کے باوجود متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں، جس سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں ایک کلومیٹر سے بھی کم سڑک پر ایک کروڑ روپے سے زائد خرچ کیا جارہا ہے، جبکہ دیگر بستیوں میں لوگ کیچڑ، گڑھوں اور گندے پانی سے گزرنے پر مجبور ہیں۔بٹّی اجئے نے حکومت،اور ضلع انتظامیہ اور میونسپل حکام سے مطالبہ کیا کہ میدک میونسپل کمشنر کو فوری طور پر عوام اور عوامی نمائندوں کے لئے دستیاب رہنے کے لئے پابند کریں۔