میر چوک حدود میں گیس کے اخراج سے دھماکہ

   


13 افراد جھلس گئے ۔ متاثرین کا مغربی بنگال سے تعلق
حیدرآباد۔ میر چوک کے علاقہ فتح اللہ بیگ لین میںکل رات دیر گئے گیس کے اخراج کے نتیجہ میں ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں 13 افراد جھلس گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثہ میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے افراد جو زیورات بنانے کا کام کرتے ہیں متاثر ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کل رات دیر گئے فتح اللہ بیگ لین میں ایک زبردست دھماکہ ہوا جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس میر چوک کو اس بات کی اطلاع ملنے پر پٹرولنگ ٹیم وہاں پہنچ گئی۔ اس حادثہ میں 13 افراد جن کی شناخت کارتک، امان، سورج، شمیم، بھیشما چاری، باپن، راج، امان ، پنچو ، حسن، سورج، جوپاس اور سومین کی حیثیت سے کی گئی ہے شدید طور پر ہوئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے سنار پیشہ افراد طلائی زیورات کی تیاری کا کارخانہ چلاتے ہیں اور اس کام کیلئے ایل پی جی گیس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ سلینڈر سے اچانک گیس کے اخراج اور وہاں پر آگ موجود ہونے کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے اور اس حادثہ میں مذکورہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انسپکٹر میر چوک ایم اپالا نائیڈو نے بتایا کہ لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہوگا اور پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ حادثہ کے فوری بعد فائر انجن عملے کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا تھا اور متاثرین کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا۔