میڈرڈ ۔ دورِ حاضر کے مقبول ترین فٹبالر لیونل میسی نے گزشتہ صدی کے بہترین فٹبالر پلے کا عالمی ریکارڈ بھی توڑدیا۔ اسپینش کلب بارسلونا سے کھیلتے ہوئے میسی نے644 واں گول داغ کر ایک کلب کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ان سے قبل ایک کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ گولز بنانے کا ریکارڈ برازیلین لیجنڈری فٹبالر پلے کے پاس تھا۔ پلے نے برازیلین فٹبال کلب سانتوس سے کھیلتے ہوئے 643 گول اسکور کئے تھے جو انھوں نے 1954 سے لے کر 1974 تک اپنے اس کریر میں اسکور کئے تھے۔ ان کے بعد آج تک کوئی بھی کھلاڑی ایک کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے اتنے گولز بنانے کے ریکارڈ کے قریب تک نہیں پہنچ سکا تھا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے عظیم فٹبالر میسی نے اپنے کلب بارسلونا کی جانب سے کھیلتے ہوئے643 واں گول اسکور کرکے ریکارڈ برابرکیا تھا میسی نے اسپینش لالیگا کے میچ میں رئیل ویلادولد کے خلاف گول کرکے اس عالمی اعزاز پر بھی اپنا قبضہ جمالیا۔اس عظیم اعزاز کے حصول کے بعد میسی نے فوٹوزاینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ایک فوٹو شیئرکیا جس میں 644 کا ہندسہ نمایاں ہے۔