میوات میں کانگریس کے تمام مسلم امیدوار کامیاب

,

   

بی جے پی کا دامن تھامنے والے مسلمانوں کو شکست ، 75 پار کا نعرہ غلط ثابت
چندی گڑھ ۔ /27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے انتخابات کے نتائج اور بی جے پی کے برخلاف دیگر جماعتوں کے بہتر مظاہروں پر عوام کی نظریں جمی ہوئی ہیں ۔ کیونکہ بی جے پی نے ہریانہ میں 90 اسمبلی نشستوں کے منجملہ 75 حلقوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا تھا ۔ اس نے نعرہ لگایا تھا کہ اس بار 75 کے پار ۔ یہ نعرہ کامیاب نہیں ہوا ۔ جبکہ گزشتہ کی بہ نسبت اس مرتبہ کانگریس اور اس کے مسلم نمائندوں نے بہتر مظاہرہ کیا ۔ جس میں میوات کا علاقہ سرفہرست ہے ۔ جہاں امیدوار مسلمان ہے اور میوہ برادری سے تعلق رکھتے ہیں ۔ سال 2014 ء کے اسمبلی انتخابات میں میوات کی دو نشستوں پر انڈین نیشنل لوک دل جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ بی جے پی نے میوات سے دومسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا اور دونوں کو ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ نوح اسمبلی نشست سے بی جے پی نے حال ہی میں آئی این ایل ڈی کا ساتھ چھوڑکر دوسرے یٰسین خان خاندان سے تعلق رکھنے والے ذاکر حسین کو امیدوار بنایا تھا ۔ ذاکر حسین کو کانگریس کے آفتاب احمد نے 4038 ووٹوں سے شکست دی ہے ۔ واضح رہے کہ 2014 ء کے اسمبلی انتخابات میں ذاکر حسین نے آفتاب احمد کو 32796 ووٹوں سے ناکام کیا تھا ۔ فیروز پور نشست پر کانگریس نے مومن خان کو ٹکٹ دیا جہاں سے وہ کامیاب ہوئے ہیں اور بی جے پی کے امیدوار نسیم احمد کو ناکامی ہوئی ۔ میوات کے پوہانا نشست سے کانگریس کے محمد الیاس نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے آزاد امیدوار اور موجودہ رکن اسمبلی رئیس خان کو صرف 816 ووٹوں سے شکست دی ۔ رئیس خان نے 2014 ء میں آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا اور انہوں نے محمد الیاس کو شکست دی تھی ۔ بعد میں وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے لیکن بی جے پی نے انہیں اس مرتبہ امیدوار نہیں بنایا جس پر رئیس خان نے آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا اور محمد الیاس کو سخت ٹکر دی ۔