میں بدقسمت نہیں ہوں:سیمسن

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس وقت آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہی ہے۔ جب اس سیریز کے لیے ٹیم کا انتخاب کیا گیا تو ایک نام پرکافی شور و غل تھا۔ یہ کھلاڑی سنجو سیمسن ہے۔ سنجو اس سے قبل ٹیم کا حصہ تھے جو ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے آئرلینڈ کے دورے پر گئی تھی۔ تاہم اس کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا۔ وہ ایشین گیمز کے لیے منتخب ٹیم میں نہیں تھے اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں بھی منتخب نہیں ہوئے تھے۔ سنجو کے مداحوں نے ان کے منتخب نہ ہونے پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کردیا اور انہیں بدقسمت قرار دیا تاہم اب سنجو نے ان تمام باتوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ بدقسمت نہیں ہیں۔ سنجو مسلسل ٹیم کے اندر اور باہر رہے ہیں۔ دورہ آئرلینڈ سے قبل وہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر بھی ٹیم کے ساتھ تھے لیکن وہ ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم نہیں کر پائے ہیں۔ انہیں ٹیم میں مستقل مواقع نہیں ملے اور سنجو کو ملنے والے زیادہ تر مواقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ دھنیا ورما کے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سنجو نے کہا کہ لوگ انہیں بدقسمت کرکٹر کہتے ہیں لیکن وہ بدقسمت نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے کبھی بھی اس حد تک پہنچنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا، اس لیے وہ خودکو بدقسمت نہیں سمجھتے۔ سنجو نے ٹیم کے لیے اپنا پہلا میچ 2015 میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا لیکن اس کے بعد انہیں پانچ سال بعد موقع ملا۔ انہوں نے2020 میں ٹیم کے لیے اپنا دوسرا میچ پونے میں سری لنکا کے خلاف کھیلا۔ انہوں نے 2021 میں اپنا ونڈے ڈیبیو کیا۔ سنجو نے اس انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ روہت شرما نے انہیں بہت تعاون دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ٹیم سے باہرگئے تو روہت شرما پہلے شخص تھے جنہوں نے ان سے بات کی۔ سنجو نے بتایا کہ روہت نے ان سے کہا تھا کہ تم نے آئی پی ایل میں اچھا کھیل دکھایا اور ممبئی انڈینز کے خلاف بہت زیادہ چھکے لگائے۔ سنجو نے کہا کہ روہت نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے۔