نئے فٹبال کھلاڑی نیشنل کیمپ سے فائدہ اٹھانے کوشاں

   

کئی کھلاڑی کیمپ میں شمولیت پر مسرور ۔ بحرین اور بیلاروس کیخلاف دوستانہ مقابلوں کی تیاری

نئی دہلی: بحرین اور بیلاروس کے خلاف بین الاقوامی دوستانہ میچوں کیلئے ہندوستانی مردوں کی فٹبال ٹیم کا پونے میں تیاری کا کیمپ شروع ہو گیا ہے ، جس میں نئے کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ موقع کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ کیمپ میں اب تک جملہ 15 کھلاڑی داخل ہوچکے ہیں، جب کہ ٹیم کے دیگر ارکان انڈین سوپر لیگ (آئی ایس ایل) میں اپنے متعلقہ کلب سے وابستگی ختم ہونے کے بعد کیمپ میں شامل ہوں گے ۔ واضح رہے کہ ہندوستان کو 23 مارچ کو بحرین اور پھر 26 مارچ کو بیلاروس کے خلاف دوستانہ میچ کھیلنا ہے۔ آئی ایس ایل میں چار گول کرنے والے مڈفیلڈر وی پی سُہیر نے کہا کہ کیمپ میں بلایا جانا ان کیلئے بہت معنی رکھتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ نہ صرف میرے لیے بلکہ میرے پورے خاندان کیلئے ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے ۔ میں نے اپنے آخری مسابقتی میچ کے بعد سے ٹریننگ بند نہیں کی ہے اور میں سخت ڈائٹ پر ہوں اور کیمپ میں شامل ہونے سے پہلے تمام فٹنس سیشنز کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے ۔ وہیں ہندوستانی انڈر 23 فٹ بال ٹیم کا حصہ رہ چکے جیری ماویمنگتھانگا نے اسے ایک بڑی حوصلہ افزائی بتایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری کوششوں کو سراہنے پر میں کوچ کا شکر گزار ہوں۔ یہ میری قابلیت ثابت کرنے کا موقع ہے اور مجھے مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔ میں اپنی پوری کوشش کروں گا۔ واضح رہے کہ جیری نے موجودہ آئی ایس ایل 2021-22 سیزن میں تین گول اسکور کئے ہیں۔ دریں اثناء ڈیفنڈر روشن جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی، انھوں نے کہا کہ وہ کیمپ کا حصہ بن کر بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بچپن میں منی پور میں پلا بڑھا۔ میں نے ہمیشہ سینئر سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کا خواب دیکھا ہے ۔ کیمپ میں ملک کے بہترین کلبوں کے بہت سے ٹاپ کھلاڑی ہیں، جن میں سے سبھی مجھ سے کہیں زیادہ تجربہ کار ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے خود کو ثابت کرنے کیلئے سخت محنت کرنی ہوگی۔ سنٹرل ڈیفنڈر انور علی، جو 2017 میں ہندوستان کی انڈر 17 فیفا ورلڈ کپ مہم کا حصہ تھے ، نے کہا ‘‘میں سینئر ٹیم کے کیمپ میں مدعو ہونے پر بہت پرجوش ہوں۔ مجھے ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔ آئی ایس ایل 2021-22 ایڈیشن میں تین گول کرنے والے مڈفیلڈر دانش فاروق کو پہلی بار قومی کیمپ میں بلایا گیا ہے ۔ انہوں نے اس بارے میں کہا کہ میرے لیے قومی کیمپ میں شامل ہونا میرے سب سے خاص لمحات میں سے ایک ہے ، لیکن یہ صرف پہلا قدم ہے ۔ مجھے بحرین کے خلاف دوستانہ میچ کیلئے ہندوستانی ٹیم کی حتمی فہرست میں جگہ بنانے کیلئے سخت محنت اور کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔