کاماریڈی ۔یلاریڈی۔ 11۔ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کے سداشیو نگر پولیس نے ایک سنسنی خیز قتل معمہ کو حل کرتے ہوئے شوہر کے قتل میں ملوث بیوی اور اس کے آشنا کو گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ ڈی ایس پی یلا ریڈی مسٹر سرینواس کے مطابق ملزمین نے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے شوہر کو قتل کر کے واردات کو سڑک حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس معاملہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ 22 ؍مئی کو مرکل گاؤں کی رہنے والی کیچرل رینوکا نے سداشیو نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ اس کے شوہر کنچرل راجیا (45 سالہ ) رات کے وقت کھیت کی جانب جاتے ہوئے موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہو کر ہلاک ہوگئے۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرینواس راؤ کی نگرانی میں سداشیو نگر سرکل انسپکٹر سنتوش کمار کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے معاملہ کی باریک بینی سے جانچ کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد، گواہوں کے بیانات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے تجزیہ سے انکشاف ہوا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ منصوبہ بند قتل تھا، جس میں مقتول کے سر پر آہنی راڈ سے شدید ضرب لگائی گئی تھی۔تحقیقات کے دوران مرکل گاؤں کے کسان کنچرل گنگا شیکھر (37 سالہ ) کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی تو حیران کن حقائق سامنے آئے۔ پولیس کے مطابق گنگا شیکھر اور مقتول کی بیوی رینوکا کے درمیان گزشتہ چار برس سے ناجائز تعلقات قائم تھے۔ دونوں نے راجیا کو اپنے تعلقات کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہوئے اور انشورنس کی رقم حاصل کرنے کی غرض سے قتل کی سازش رچی۔ منصوبہ کے تحت 21 مئی کو گنگا شیکھر نے راجیا کو گندھاری علاقہ طلب کر کے شراب پلائی اور بعد ازاں ترمن پلی گاؤں کے مضافات میں نشہ کی حالت میں اس کے سر پر راڈ سے حملہ کر کے قتل کر دیا۔ بعد میں نعش کو اور موٹر سائیکل کو سڑک حادثہ کا منظر دینے کیلئے موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا جس کے بعد پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والی آ راڈ، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر تکنیکی شواہد ضبط کر لیے۔ گرفتار ملزمین میں کنچرل گنگا شیکھر (آشنا) اورکنچرل رینوکا (بیوی) شامل ہیں۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ دونوں ملزمین کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ اس پیچیدہ کیس کی کامیاب تفتیش پر سرکل انسپکٹر سنتوش کمار، سب انسپکٹر پشپا راجو، سب انسپکٹر صدیق اور دیگر پولیس عملہ کو ضلع ایس پی نے ستائش کی۔