ناجائز تعلقات پر خاندانی افراد میں جھگڑا

   

ایک شخص پر قاتلانہ حملہ ، 2 افراد گرفتار ، پولیس فلک نما مصروف تحقیقات

حیدرآباد۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں سڑک پر لڑائی جھگڑے کی وارداتیں عام ہوتی جارہی ہیں۔ فلک نما کے علاقہ انجن باؤلی میں آج اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک ہی خاندان کے بعض افراد آپس میں جھگڑ پڑے ۔ انسپکٹر فلک نما ایس سرینواس راؤ نے بتایا کہ محمد اشرف اور اس کے ہم زلف خالد کے درمیان بیوی سے مبینہ ناجائز تعلقات پر گزشتہ کچھ عرصہ سے نااتفاقی چل رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ اشرف کو شبہ ہے کہ خالد اس کی بیوی سے تعلقات قائم کئے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں اشرف کو خالد نے بھوانی نگر علاقہ میں طلب کیا تھا اور اسے زدوکوب بھی کیا تھا۔ اس جھگڑے کی یکسوئی کے بہانے خالد اشرف کو شمشیر گنج آندھرا بینک کے پاس طلب کیا اور اشرف وہاں پہنچتے ہی اس پر قاتلانہ حملہ کردیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور پولیس کی موجودگی میں بھی یہ جھگڑا جاری رہا۔ خالد نے اپنے دیگر رشتہ داروں منا، شیخ عمران اور جعفر کی مدد سے اشرف پر حملہ کیا تھا۔ اپنے بھائی جنید کو بچانے کیلئے محمد اکبر نے کوشش کی اور اس دوران خالد اور اس کے بھائیوں نے اس پر بھی حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کے سر پر گہرا زخم آیا۔ پولیس فلک نما خالد اور اس کے بھائیوں کو حراست میں لے لیا جبکہ ایک اور ملزم منا ہنوز فرار ہے۔ پولیس فلک نما نے اقدامات قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور حملہ آوروں کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔