نئی دہلی، 14 ستمبر (یو این آئی) سی بی آئی نے آج بتایا کہ مہاراشٹر کے ناسک سے سواگن بزنس سالیوشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے چلائے جانے والے دو غیر قانونی کال سینٹر ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا ہے ۔ ملزمان کی شناخت گنیش اور شیام کمانکر کے طور پر ہوئی ہے ۔ سی بی آئی کے سینئر اہلکار کے مطابق، یہ مقدمہ 11 ستمبر کو چار افراد اور نامعلوم سرکاری ملازمین کے خلاف اس الزام میں درج کیا گیا تھا کہ ملزمان نے ناسک میں سواگن بزنس سالیوشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام سے دو غیر قانونی کال سینٹر چلارہے تھے ، جو انشورنس ایجنٹوں/سرکاری حکام کی نقالی کرکے برطانوی شہریوں کو دھوکہ دینے کا کام کرتے تھے ۔ سی بی آئی کے اہلکار نے بتایا کہ “ان مراکز میں تقریباً 60 لوگ کام کررہے تھے ، جنہوں نے متاثرین کو کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات شیئر کرنے اور غیر حقیقی انشورنس پالیسیوں کے عوض ادائیگی کرنے کے لیے وی او آئی پی، جعلی نمبر اور جعلی دستاویزات کا استعمال کیا ہے ۔اس سلسلے میں ناسک کے کلیان (تھانے ) میں مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں ڈیٹا، فرضی بیمہ پالیسی کی اسکرپٹس، آٹھ موبائل فون، آٹھ کمپیوٹر سسٹم/سرور، اور 5 لاکھ روپے نقدی سمیت جرائم کے ڈیجیٹل ثبوتوں کو ضبط کیا گیا۔ یہ غیر قانونی آمدنی مبینہ طور پر پے پال اور بینکنگ چینل کے ذریعہ حاصل کی گئی تھی، جن کے اکاؤنٹس ملزمان کے زیر انتظام تھے ۔ اہلکار نے بتایا کہ انہیں ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے ۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔