ناقص انٹرنیٹ کے باعث طلبہ آن لائن تعلیم سے محروم

   


غریب و متوسط طبقہ کیلئے الکٹرانک آلات کی فراہمی ایک چیلنج، کامریڈ فاروق بیگ

حیدرآباد۔تلنگانہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا میناریٹی سنگم کے ریاستی صدر کامریڈ مرزا فاروق بیگ نے ریاستی و مرکزی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اسکولوں کی کشادگی کیلئے انتہائی کارآمد اور سرگرم اقدام کو یقینی بنائیں یا پھر زیرو تعلیمی سال قرار دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ طلبہ کی نصف سے بھی زیادہ تعداد معاشی پسماندگی کے باعث اور انٹرنیٹ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے آن لائن تعلیم سے محروم ہے جبکہ غریب و متوسط طبقہ کیلئے الکٹرانک آلات بالخصوص اسمارٹ فون و ٹیاب وغیرہ کی فراہمی ایک چیلنج سے کم نہیں ہے۔ مزید یہ کہ ایک گھر میں کم از کم چار طلباء اور اسمارٹ فون کا آن لائن تعلیم کی فراہمی میں اہم رکاوٹ ہے جس کے باعث طلباء کا مستقبل داؤ پر ہے۔ کامریڈ فاروق بیگ نے کہا کہ آن لائن تعلیم سے صحت پر مضر اثرات کی شکایت بھی عام ہوتی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ طلبہ ملک کا مستقبل ہوتے ہیں اور حصول تعلیم ہر بچہ کا بنیادی حق ہے اور اس بنیادی حق سے ملک میں کورونا کی وجہ سے زائد از تین ملین طلبہ کی تعلیم متاثر ہوچکی ہے اور حصول علم سے محروم ہیں۔ فاروق بیگ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال سے نمٹنے سنجیدہ اقدامات کو یقینی بنائیں یا پھر آن لائن تعلیم کو موثر بنانے کیلئے ہر بچہ کو الکٹرانک آلات، اسمارٹ فون اور معیاری انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔