حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) امراض قلب (کارڈیالوجی) کے شعبہ میں ہندوستان کے نامور معالج ڈاکٹر پی سی رتھ کو ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس آندھراپردیش نے باوقار ڈاکٹر آف سائنس ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر آندھراپردیش جو این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کے چانسلر ہیں، ایوارڈ کو منظوری دی ہے۔ یہ ایوارڈ 2 جون کو این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس کے سالانہ کانوکیشن کے موقع پر وجئے واڑہ میں پیش کیا جائے گا۔ ڈاکٹر پی سی رتھ نے ملک کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر سینکڑوں ڈاکٹرس کو امراض قلب کے علاج کے سلسلہ میں رہنمائی کی ہے۔ ہندوستان میں امراض قلب کے عصری علاج کے آغاز میں اُن کا اہم رول رہا۔ وہ کارڈیالوجیکل سوسائٹی آف انڈیا کے علاوہ انڈین کالج آف کارڈیالوجی کے صدر ہیں۔ امریکن کالج آف کارڈیالوجی فار انڈیا کے اعزازی گورنر ہیں۔ امریکہ یوروپ اور برطانیہ کے کالجس نے اُنھیں فیلوشپ سے نوازا ہے۔ وہ کئی بیرونی یونیورسٹیز میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر پی سی رتھ فی الوقت اپولو ہاسپٹلس جوبلی ہلز اور اپولو ہاسپٹل بھوبنیشور کے ڈائرکٹر آف ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کارڈیالوجی کے عہدہ پر فائز ہیں۔V/1