ناگرکرنول میں ایس آئی آر میاپنگ پروگرام کا کامیاب انعقاد

   

صدرنشین بلدیہ و دیگر قائدین کا دورہ ، ادارۂ سیاست کی کامیاب رہنمائی پر عوام کا اظہار تشکر
ناگرکرنول ۔ 26 اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نمائندہ سیاست ناگرکرنول محمد مبین احمد خان کی رہائش گاہ پر آج خصوصی طور پر ایس آئی آر(Special Intensive Revision) میاپنگ کا عمل انجام دیا گیا۔ اس اقدام سے راحت نگر سمیت اطراف کے علاقوں کے عوام کو بڑی سہولت حاصل ہوئی۔تفصیلات کے مطابق اس سے قبل ناگرکرنول کے ایک وفد نے حال ہی میں روزنامہ سیاست، حیدرآباد کے نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران ایس آئی آر میاپنگ، ووٹر لسٹ کی نظرثانی اور درکار دستاویزات کے سلسلے میں تفصیلی رہنمائی حاصل کی گئی۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان نے نہ صرف ذاتی طور پر رہنمائی فرمائی بلکہ محبوب حسین جگر ہال میں قائم ایس آئی آر ڈیسک کے ذمہ داران کے ذریعے بھی ضروری معلومات فراہم کروائیں۔اسی رہنمائی کی روشنی میں آج متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کرتے ہوئے بی ایل اوز کے ذریعہ ایس آئی آر میاپنگ کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ چونکہ یہ عمل مختلف علاقوں میں سست رفتاری سے جاری تھا، جس کے باعث راحت نگر اور دیگر محلوں کے عوام میں تشویش پائی جا رہی تھی، اس لیے یہ اقدام نہایت بروقت اور عوامی مفاد کا حامل ثابت ہوا۔آج صبح سے ہی بڑی تعداد میں شہری پہنچے اور 2002 کی ووٹر فہرست میں اپنے ناموں کی بنیاد پر اپنے ووٹوں کی میاپنگ کروائی۔ اس سہولت سے سینکڑوں عوام نے استفادہ کرتے ہوئے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر نشین بلدیہ مسٹر سنیندرا نے پروگرام کے مقام کا دورہ کیا اور جاری میاپنگ عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت دی کہ میاپنگ کے عمل کو مکمل طور پر صاف و شفاف رکھا جائے تاکہ عوام کا اعتماد برقرار رہے۔اس پروگرام میں کانگریس کے متعدد قائدین نے بھی شرکت کی، جن میں انیس احمد خان، جناب محمد جہانگیر، جناب محمد غلام احمد، جناب رحیم، جناب محمد عقیل الدین، مجاہد اور حذیفہ شامل ہیں۔