ناگورنو کارا باخ میں جھڑپیں ،آذربائیجان کے69شہری ہلاک

,

   

باکو:آذربائیجان کے قرہ باخ علاقے میں ہونے والی شدید جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 69 ہوگئی اور زخمیوں کی تعداد 322 ہوگئی۔پراسکیوٹر جنرل کے دفتر نے آج بتایا کہ “ناگورنو قرہ باخ کے تنازعہ میں آذربائیجان کے 69 شہریوں کی موت ہوئی ہے اور 322 افراد زخمی ہوئے ۔ ان جھڑپوں میں مجموعی طور پر 2338 مکانات، 92 اپارٹمنٹس بلاک اور 415 شہری سہولیاتی مراکز مسمار ہو گئے ہیں۔

اب آرمینیائی وزیراعظم کی بیوی بھی سرحد جائیں گی
اسی دوران آذربائیجان سے جاری جنگ میں آرمینیائی وزیر اعظم کی اہلیہ بھی میدان جنگ میں جانے کیلئے فوجی تربیت حاصل کرنے لگیں۔آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ’نگورنو کاراباغ‘ کے تنازعہ پر شدید جنگ جاری ہے اور آذری فوج نے کئی علاقوں کو آزاد کرلیا ہے۔آذری فوج کو اس وقت آرمینیا پر برتری حاصل ہے اور دو بار جنگ بندی کی کوششیں بھی ناکام ہوچکی ہیں۔اس صورتحال کے بعد آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشنیان کی اہلیہ آنا ہکوبیان نے بھی فوجی تربیت لینا شروع کردی ہے۔ آرمینیائی وزیر اعظم کی بیوی نے فیس بک پر تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ فوجی لباس میں ہیں اور تربیت حاصل کررہی ہیں۔آرمینیائی وزیر اعظم کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ میرے ہمراہ 13 خواتین نے جنگی تربیت اور مشق کرنا شروع کردی ہے اور ہم جلدہی ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بارڈر پر جائیں گے۔