نتیش کمار سے سابق ڈی جی پی پانڈے کی ملاقات

,

   

جنتا دل یو میں شامل ہونے کا امکان ،پارلیمانی ضمنی انتخاب میں ٹکٹ متوقع
پٹنہ: بہار کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) کے عہدے سے رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ (وی آر ایس) لینے کے بعد سیاست کی جانب گامزن ہونے والے گپتیشور پانڈے نے ہفتے کے روز جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یہ نتیش کے ساتھ ان کی یہ ایک خیرسگالی ملاقات تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جے ڈی یو میں شامل ہورہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ ابھی کسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہے ہیں۔پانڈے نے کہا ‘‘میں وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرنے آئے تھے کیونکہ ڈی جی پی کے عہدہ پر رہتے ہوئے انہوں نے مجھے کھل کر کام کرنے کا موقع فراہم کیا، جس کیلئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے ۔ پانڈے تقریباً 10 منٹ جے ڈی یو کے دفتر میں رہے ۔ اس دوران پارٹی کے کچھ دیگر سینئر لیڈر بھی موجود تھے ۔واضح رہے کہ پانڈے کی انڈین پولیس سروس سے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کیلئے درخواست کو محکمہ داخلہ نے 22 ستمبر 2020 ء کو گورنر کے حکم سے منظور کرلیا تھا۔ تب سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ پانڈے اب سیاست میں اپنی نئی اننگز کا آغاز کریں گے ۔ پانڈے نے محکمہ پولیس میں 33 سال خدمات انجام دیں۔ یہ قیاس آرائیاں گشت کررہی ہیں کہ وہ جے ڈی یو میں شامل ہوں گے اور پارٹی انہیں والمیکی نگر لوک سبھا نشست کیلئے اُن کے نام پر غور کرسکتی ہے جو جنتا دل یو کے برسراقتدار ایم پی ویدیاناتھ مہاتو کی موت کے بعد خالی ہوئی ہے اور اس پر ضمنی انتخاب ہوں گے۔