نرساپور: گریجن طبقہ اور تلگو صحافیوں میں پٹہ جات کی تقسیم

   

اردو صحافتی برادری نظر انداز ، پروگرام میں ہریش راؤ کی شرکت، اپوزیشن پر تنقید
میدک /9 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر فینانس و صحت عامہ انچارج متحدہ ضلع میدک مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ملک میں ریاست تلنگانہ گریجن طبقہ میں بنجر اراضیات کی تقسیم کے عمل میں سرفہرست ہے ۔ ضلع میدک کے نرساپور میں گریجن کو بنجر اراضیات کی تقسیم سے متعلق پٹہ جات کی اجرائی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں وزیر فینانس ہریش راؤ نے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ضلع میدک میں شامل اسمبلی حلقوں میدک اور نرساپور سے تعلق رکھنے والے 610 گریجنس میں 517 ایکڑ اراضی کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس تقریب کی صدارت صدر ضلع بی آر ایس پارٹی رکن اسمبلی میدک محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے کی ۔ یہاں رکن اسمبلی نرساپور مدن ریڈی ، ضلع کلکٹر میدک مسٹر راجرشی شاہ ، صدر نشین مہیلا کمیشن محترمہ وی سنیتا لکشما ریڈی ، ایڈیشنل کلکٹر پریتما سنگھ صدرنشین لیبر ویلفیر بورڈ مسٹر دیویندر ریڈی ایڈیشنل کلکٹر جی رمیش بھی موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے اپنے سلسلہ خطاب کے دوران مرکز کی بھاجپا سرکار اور ریاست کی اپوزیشن جماعت کانگریس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں اقتدار کی ہوس کو لیکر بی آر ایس سرکار یعنی کے سی آر کو اپنی تنقید کا نشانہ بنانا اپنا وطیرہ بنالیا ہے ۔ ہریش راؤ نے اس موقع پر پولیس اور فارسٹ کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اراضیات سے متعلق دیہاتوں میں گریجن پر چلائے جانے والے تمام مقدمات کو خارج کردیا جائے ۔ یہاں اس امر کو واضح کرنا ضروری ہے کہ وزیر موصوف نے اس تقریب کے دوران نرساپور اور شیوم پیٹ منڈلس میں خدمات انجام دینے والے تلگو جرنلسٹ کو تعمیر امکنہ کیلئے اراضیات کے پٹہ جات تقسیم کئے لیکن یہاں خدمات انجام دینے والے اردو صحافیوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا۔ یہ نرساپور کے ایم ایل اے مدن ریڈی کی تعصبیت و تنگ نظری کا ثبوت ہے ۔