نشہ مکت بھارت ابھیان:دہلی پولیس نے نیپالی اسمگلر کو گرفتار کیا

   

نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت دہلی پولیس کے ساؤتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ یونٹ کے انسداد منشیات اسکواڈ نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ پولیس نے مہارانی باغ کے علاقے میں منشیات کے نیپالی اسمگلر نیردوش لامہ (28) کو حراست میں لیا اور اس سے 3.054 کلو گرام چرس برآمد کی جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ جنوب مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر ہیمنت تیواری نے بدھ کو کہا کہ دہلی پولیس کمشنر کے 13 نکاتی ایجنڈے کے تحت نشے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے انسداد منشیات دستہ سرگرم عمل ہے ۔ منگل کو اطلاع ملی کہ مہارانی باغ کے علاقے میں ایک نیپالی شخص بڑی مقدار میں چرس کا ذخیرہ کر رہا ہے ۔ ہیڈ کانسٹیبل دھرمیندر نے تکنیکی اور روایتی طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے اس معلومات کی تصدیق کی۔ اس اطلاع کی بنیاد پر انسپکٹر وشنو دت کی قیادت میں ایک ٹیم نے سن لائٹ کالونی، مہارانی باغ میں واقع مکان نمبر 503، تیسری منزل پر چھاپہ مارا۔