نظام آباد ۔22 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سماج کی بھلائی کے لیے مسلسل خدمات انجام دینے والے صحافیوں کی صحت کے تحفظ کے پیش نظر ویلنِس ہاسپٹل کی جانب سے نظام آباد شہر کے نیو امبیڈکر بھون میں پریس کلب اراکین کے لیے مفت فیملی ہیلتھ کارڈس کی تقسیم کا پروگرام عمل میں آیا۔ اس موقع پر تلنگانہ پریس اکیڈمی کے چیرمین سرینواس ریڈی، آئی آئی ایچ ایف ڈبلیو گورننگ کونسل کی چیرپرسن ڈاکٹر کویتا ریڈی اور ضلع اطلاعات و تعلقات عامہ عہدیدار نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ نظام آباد سٹی پریس کلب کے صدر پنچ ریڈی سریناتھ، جنرل سکریٹری واگمارے سبھاش، خازن راجو، آرگنائزنگ سکریٹری راجو اور دیگر عہدیداروں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں نے شرکت کرتے ہوئے ہیلتھ کارڈس حاصل کیے، جبکہ پریس کلب صدر نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود ہی ان کا بنیادی مقصد ہے اور آئندہ بھی ایسے پروگرامس کا انعقاد جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا۔