نظام آباد میں بی آر ایس کو شدید جھٹکہ

   

ڈائرکٹرس کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ، ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بنک چیرمین مستعفی

نظام آباد :21؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )بی آرایس پارٹی کو ضلع میں ناقابل تلافی نقصان ہوتے جارہا ہے اور بی آرایس پارٹی کو آج اس وقت شدید جھٹکہ لگا کہ سابق اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی کے فرزند پوچارام بھاسکر ریڈی کے خلاف ڈائریکٹرس کی جانب سے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پوچارام بھاسکر ریڈی کو اپنا استعفیٰ پیش کرنا پڑا۔ نظام آباد ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک کے چیرمین پوچارام بھاسکر ریڈی کیخلاف ڈائریکٹرس نے تحریک عدم اعتماد پیش کیا تھا جس پر پوچارام بھاسکر ریڈی نے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے پر ہائی کورٹ نے حکم التواء جاری کرنے سے اعتراض کرتے ہوئے ان کی درخواست کو خارج کردیا تھا جس پر پوچارام بھاسکر ریڈی نے کل شام اپنا استعفیٰ پیش کردیا ۔ 20 ؍ ڈائریکٹرس کے منجملہ 17 ڈائریکٹرس نے اجلاس میں شرکت کی اور 16 افراد نے تحریک عدم اعتماد کی تائید میں اپنا ووٹ کا استعمال کیا جس پر ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو آفیسر سرینواس نے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کا اعلان کیا جس پر پوچارام بھاسکر ریڈی نے اپنے عہدہ سے محروم ہوگئے اور وائس چیرمین رمیش ریڈی کو انچارج چیرمین کی حیثیت سے مقرر کیا گیا پوچارام بھاسکر ریڈی کی معیاد ابھی 11 ماہ باقی تھی اس سے قبل ہی بھاسکرریڈی کو عہدہ سے محروم ہونا پڑا۔ اس طرح ضلع میں بی آرایس کو ناقابل تلافی نقصان ثابت ہورہا ہے ۔ بھاسکرریڈی نے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے قبل ازیں اپنا استعفیٰ بھی پیش کیا تھا ۔