نظام آباد میں سمر کیمپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد، علماء کرام کے خطابات

   

نظام آباد۔24 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا سید سمیع اللہ قاسمی ناظم ادارہ مظہر العلوم وصدر جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد نے کہا کہ تعلیم انسان کی زندگی کا وہ روشن چراغ ہے جو جہالت کی تاریکیوں کو ختم کرکے کامیابی اور شعور کی راہیں ہموار کرتا ہے۔ خصوصاً دینی اور اخلاقی تعلیم بچوں کی شخصیت سازی میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی مقصد کے پیشِ نظرادارہ مظہر العلوم ٹرسٹ کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی سمر کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس کے اختتام پر ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ادارہ کے نائب ناظم حضرت مولانا آصف ایوبی نے طلباء میں علم کے عنوان سے نصیحت کی کہ جیسے اللہ پاک نے آدم علیہ السلام کو علم سکھایا اور وہ فرشتوں سے افضل ہوگے، حالانکہ فرشتہ تو معصوم ہوتے ہیں،لیکن اللہ پاک نے جو علم عطاء فرمایا اس علم کی برکت سے وہ ممتاز ہوگے،اسی لیے ہر مسلمان بلکہ ہر انسان پر لازم و ضروری ہیکہ وہ ہمیشہ علم کی جستجو میں رہے۔اس سمر کیمپ میں بچوں کو قرآنِ کریم کی تعلیم، تجوید، بنیادی دینی معلومات، اخلاقیات، دعائیں، اسلامی آداب اور عصری معلومات سے آراستہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ طلباء کی ذہنی و اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی تاکہ وہ مستقبل میں ایک باکردار اور مفید شہری بن سکیں۔پتینس دنوں پر مشتمل اس تربیتی پروگرام میں بچوں نے نہایت شوق، محنت اور دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔اختتامی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ؐپیش کی گئی۔اس موقع پر مولانا اسماعیل عارفی، مولانا اظہر بودھن ،حافظ افسر بودھن، وسیم خان، ڈاکٹر الیاس، قاسم ایڈوکیٹ، قاضی مجتبیٰ علی حافظ عتیق احمد، مولانا عبدالناصر قاسمی ،مفتی اعجاز قاسمی، حافظ عبدالولی،سید عبد اللہ، اسامہ ، سمر کیمپ کے اساتذہ ودیگر وکارکنان موجود تھے۔