نظام آباد میں عنقریب نئے بس ڈپو کا قیام

   

لاپرواہی کے سبب سڑک حادثات میں اضافہ، ریاستی وزیر پونم پربھاکرکا خطاب
نظام آباد16 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیئر پونم پربھاکر نے کہا کہ لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کے باعث سڑک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ عوامی حکمرانی۔پراگتی منصوبہ کے99 روزہ پروگرام کے تحت نظام آباد کے مضافات میں واقع سگونا گارڈنس میں پولیس و محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ’’ارائیو الائیو‘‘ پروگرام میں وہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے، جبکہ اجلاس کی صدارت رکن اسمبلی نظام آباد رورل ڈاکٹر بھوپتی ریڈی نے کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نظام آباد اربن دھنپال سوریہ نارائنا رکن اسمبلی خاناپور ویدما بوجو، خصوصی چیف سکریٹری وکاس راج، کمشنر ٹرانسپورٹ ایلمبارتی، آر ٹی سی ایم ڈی ناگی ریڈی، کلکٹر ایلا ترپاھٹی، پولیس کمشنر سائی چیتنیا، میئر امارانی اور دیگر موجود تھے۔ پونم پربھاکر گوڑ نے اپنے خطاب میں ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے ہر فرد کو خود نظم و ضبط کواپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنا حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ نظام آباد ضلع میں جلد ہی نیا بس ڈپو قائم کیا جائے گا اور بتایا کہ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن روزانہ تقریباً 10 ہزار بسیں چلاتی ہے جو 35 لاکھ کلومیٹر سفر طئے کر کے 65 لاکھ مسافروں کو منزل تک پہنچاتی ہیں۔ کمشنر ٹرانسپورٹ ایلمبارتی نے کہا کہ ملک میں ہر سال تقریباً ڈیڑھ لاکھ اور ریاست میں سات ہزار افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہو رہے ہیں، جن میں 45 فیصد دو پہیہ گاڑی سوار ہیلمٹ استعمال نہ کرنے کے باعث جان گنواتے ہیں۔ ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی اور پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے بھی نشہ میں ڈرائیونگ، اوور اسپیڈ، غلط سمت میں گاڑی چلانا، موبائل فون کا استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں کو حادثات کی بڑی وجوہات قرار دیتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر حادثات کے متاثرہ خاندانوں نے اپنے دردناک تجربات بیان کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی تلقین کی، جبکہ مرکزی حکومت کی امدادی اسکیمات سے متعلق بیداری مواد کا اجراء اور ریڈ کراس سوسائٹی کے زیر اہتمام خون کے عطیہ کیمپ کا بھی افتتاح عمل میں آیا۔