نظام آباد۔19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد کے سلم علاقہ ساگر ہلز کالونی میں فیض فری کلینک کا افتتاح چیرٹی فار ہیومینٹی ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام عمل میں آیا ہے جس کے صدر مولانا سید ذکی الدین قاسمی ہیں اور ممبران میں مفتی صادق فضل اور دیگر ڈاکٹرس، انجینئرس اور متحرک مخلص نوجوان بھی شامل ہیں، اس افتتاحی پروگرام میں مفتی صادق فیصل نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے چیاریٹی کے قیام کا مقصد اور اس کا پس منظر نہایت جامع انداز میں بیان کیا انہوں نے بتایا کہ یہ تنظیم لاک ڈاؤن سے تقریباً دو سال قبل قائم کی گئی ہے۔ جس کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت ضرورت مندوں کی اعانت اور ناگہانی آفات سماوی کی صورت میں متاثرین کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیریٹیشادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں بچ جانے والے کھانے کو ضائع ہونے سے بچاتے ہوئے مستحق افراد تک پہنچاتی ہے چیریٹی کی ٹیم مختلف سلم علاقوں میں جا کر یہ کھانا ضرورت مندوں میں تقسیم کرتی ہے۔ اسی طرح ہنگامی صورتحال میں آفات سماوی کے موقع پر غریب اور مستحق بستیوں کا انتخاب کر کے وہاں ضرورت کی اشیاء پہنچائی جاتی ہے اسی چیاریٹی کے تحت پینٹر کالانی نزد مسجد جابر فیض کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ کا قیام کیا گیا ہے جہاں سے گذشتہ سال سو سے زائد طلبہ و طالبات نے کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کی۔ دیگر رفاہی سرگرمیوں کی طرح فیض فری کلینک کا قیام بھی اسی خدمت کے سلسلے کی اہم کڑی ہے اس کلینک میں مستحق افراد کو مفت طبی معائنہ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔اس پروگرام کے اختتام پر مولانا سید عماد الدین نے دعا فرمائی۔ اس پروگرام میں چیرٹی کے صدر مولانا سید ذکی الدین قاسمی و اراکین چیریٹی، مقامی ائمہ مساجد، سید احمد بخاری ریاستی پریس سیکریٹری ٹی ایس میسا، نعیم شہران کانگریس کارپوریٹر ڈیویژن59، ڈاکٹر اظہر، حافظ عظیم، ڈاکٹر اسعد،سعید احمد روز نرسری، اور علاقائی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔