نظام آباد۔11 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس نظام آباد کی اطلاع کے مطابق نظام آبادسیکوریٹی کونسل کے زیر اہتمام ضلع میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کے مقصد سے ’’نظام آباد پریمیئر لیگ‘‘ کے عنوان سے ضلعی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ہے۔ اس ٹورنمنٹ کے انتظامی امور کی نگرانی سائی چیتنیا بطور چیرمین، بسوا ریڈی بطور کنوینر اور کویتا ریڈی بطور جنرل سکریٹری انجام دیں گے جبکہ کے سرینواس ریڈی، ڈاکٹر کے شریش کمار، رجنی کانت اور کے سنتوش کمار مختلف ذمہ داریوں پر فائز ہیں۔اس ٹورنمنٹ میں والی بال، باسکٹ بال، کبڈی، یوگا اور کرکٹ کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ والی بال، باسکٹ بال اور کبڈی کے مقابلے ڈی ایس اے گراؤنڈ نظام آباد میں ہوں گے، جن میں اول انعام 20 ہزار روپے، دوم 10 ہزار اور سوم 5 ہزار روپئے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کبڈی صرف مرد کھلاڑیوں کے لئے مخصوص رہے گی۔ یوگا مقابلے سبھاش نگر کے کاکتیہ اولمپیاڈ اسکول میں منعقد ہوں گے، جن میں مختلف عمر کے زمروں میں مجموعی طور پر 18 انعامات رکھے گئے ہیں، جن کی مالیت بالترتیب 3 ہزار، 2 ہزار اور ایک ہزار روپئے ہوگی۔کرکٹ مقابلے کنٹیشور کے ویمنس ڈگری کالج گراؤنڈ میں 12 اوورز کے فارمیٹ میں ہارڈ ٹینس بال کے ساتھ منعقد ہوں گے جس کے لئے 5 ہزار روپئے انٹری فیس مقرر کی گئی ہے اور صرف ابتدائی طور پر رجسٹر ہونے والی ٹیموں کو موقع دیا جائے گا۔ کرکٹ میں اول انعام ایک لاکھ روپئے اور رنر اپ کے لئے 50 ہزار روپئے مقرر کیا گیا ہے۔ مقابلوں میں شرکت کے خواہشمند کھلاڑی 11 ؍اپریل تا 17؍ اپریل شام 5 بجے تک اپنے نام درج کروا سکتے ہیں، جبکہ ڈرا 18؍ اپریل کو دوپہر 2 بجے نکالا جائے گا۔ یہ ٹورنمنٹ صرف نظام آباد ضلع کے رہائشوں کے لئے ہوگا اور کھلاڑیوں کو آدھار کارڈ پیش کرنا لازمی ہوگا، جبکہ یوگا کے شرکاء کو عمر کے ثبوت کے طور پر اسکول بونافائیڈ یا ایس ایس سی میمو جمع کرنا ہوگا۔ ضلع کے کھلاڑیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔