نوجوانوں کو زندگی میں تبدیلی لانے اور مثالی نمونہ بننے کی تاکید

   

مظلوم فلسطینیوں کے حق میں خصوصی دعائیں ، عید الفطر کے موقع پرمولانا خالد سیف اللہ رحمانی ،مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ ، مولانا جعفر پاشاہ اور اور دیگر علماء کے خطابات
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) مسلمانوں نے ملک بھر میں خشوع و خضوع کے ساتھ عیدالفطر کا اہتمام کیا اور تلنگانہ کے تمام اضلاع میں بھی عیدالفطر کا خصوصی اہتمام کیا گیا ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ میر عالم پر دیکھا گیا جہاں مولانا حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآبادمیں نماز عید الفطر کے اجتماعات پر غزہ میں جاری مظالم کا احساس دیکھا گیا کیونکہ عید گاہ میر عالم کے قریب مصلیان کرام نے غزہ اور فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرہ کے لئے اپنے بازوؤں پر سیا ہ پٹیاں باندھتے ہوئے احتجاج کیا جبکہ دیگر عیدگاہوں کے قریب بھی مظلوم فلسطینیوں کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ قبل ازیں امیر ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کے علاوہ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے فضائل عید الفطر بیان کئے ۔ صدر کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ فقیہ العصر مولانا ڈاکٹر خالد سیف اللہ رحمانی نے عیدگاہ اجالے شاہ ؒ سعیدآباد میں نماز عید الفطر سے قبل فضائل عید بیان کرتے ہوئے امت مسلمہ کو فلسطین وغزہ میں ہونے والے مظالم کے خلاف اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے اور اسرائیل کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ہزاروں معصوم بچوں کی شہادت اور لاکھوں افراد کو بے گھر کئے جانے کے باوجود دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے لیکن مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مظالم کے خلاف اپنے طور پر احتجاج کو جاری رکھیں۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے خطاب کے دوران ملک کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات کے دوران اپنے حق رائے دہی کا لازمی استعمال کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندستان کے ہر مسلم شہری سے یہ اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام کی جانچ کو یقینی بنائیں اور اگر ان کے نام فہرست رائے دہندگان میں موجود نہیں ہیں تو ان کے اندراج کے لئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے بعد بھی ماہ رمضان المبارک کی طرح زندگی گذارنے کو ترجیح دیں اور اپنی زندگیوں میں تبدیلی لاتے ہوئے اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کو معمول بنا لیں۔ عید گاہ میر عالم میں امیر ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب کے دوران نمازوں کی پابندی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران جس طرح نمازیں قائم کرنے میں دلچسپی دکھائی جاتی تھی اسی طرح سال کے دیگر مہینوں کے دوران بھی عبادتوں کے جوش و خروش کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان المبارک کے ذریعہ امت محمدیہ کو روزہ جیسی عبادت عطا کی ہے جس کے بدل کے متعلق رب کائنات خود کہتا ہے کہ اس عبادت کا بدل میں خود ہوں۔ مولانا جعفر پاشاہ نے نوجوانوں کو اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانے اور مثالی نمونہ بننے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگیوں اور اخلاق و کردار کے ذریعہ مثال پیش کریں۔ نماز عیدالفطر سے قبل مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ نے والدین کی عظمت اور ان کے مقام کا تذکرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والدین کا اکرام کریں ۔ انہو ںنے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مسلمانوں کو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھتے ہوئے ہر طرح کے مشکل حالات میں اللہ سے مدد طلب کرنی ہوگی۔مولانا جعفر پاشاہ نے مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں اپنے ووٹوں کا لازمی اور دانشمندی کے ساتھ استعمال کرنے کی اپیل کی ۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد کی سرکردہ عیدگاہوں اور جامع مسجد میں نماز عید الفطر کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ لطیف احمد قادری امام مکہ مسجد کی امامت میں نماز عید الفطر ادا کی گئی ۔ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ میں مولانا عبیدالرحمن اطہر ندوی خطیب و امام جامع مسجد ٹین پوش نے نماز عید الفطر کی امامت کی قبل ازین فضائل عید بیان کئے ۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع دیکھا گیا جہاں الشیخ محمد عبدالرحیم خرم جامعی نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور فضائل عید بیان کئے ۔عیدگاہ عنبر شاہ بابا عنبر پیٹ میں مولانا حافظ و قاری ڈاکٹر محمد عبدالعلی صدیقی کی امامت میں نماز عید ادا کی گئی قبل ازیں فضائل عید بیان کئے گئے ۔ عید گاہ بلالی مانصاحب ٹینک پربھی نماز عید الفطر کا عظیم اجتماع دیکھا گیا جہاں مولانا مفتی تجمل حسین کی امامت میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی اور قبل ازیں مولانا سید شاہ جمال الرحمن قادری نے فضائل عید بیان کئے ۔عید گاہ گنبدان قطب شاہی میں مولانا ڈاکٹر سید متین علی شاہ قادری نے نماز عید کی امامت کی اور قبل ازیں فضائل عید بیان کئے ۔شاہی مسجد باغ عامہ میں مولانا حافظ احسن بن عبدالرحمن الحمومی کی امامت میں نماز عید الفطر ادا کی گئی اور قبل ازیں انہوں نے فضائل عید الفطر بیان کئے ۔ عید گاہ صنعت نگر میں مولانا ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور فضائل عید بیان کئے ۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں اول وقت نماز عید الفطر جن مساجد میں ادا کی گئی ان میں مسجد بغدادی ٹیک نامپلی ‘ مسجد قباء نامپلی اور مسجد مولوی زماں خان شہید ؒ روپ لعل بازار شاہ علی بنڈہ شامل ہیں ۔ مسجد مولوی زماں خان شہید ؒ میں مولانا سید شاہ احمد علی تاجی شرفی القادری نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ عید گاہ میر عالم میں رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی نے مجلس کے خصوصی کیمپ میں نماز عید الفطر ادا کی اور مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اسپیشل سیکریٹری تلنگانہ محکمہ اقلیتی بہبود جناب تفسیر اقبال آئی پی ایس نے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے عید گاہ میر عالم میں لگائے گئے کیمپ میں نماز عید الفطر ادا کی اور تمام انتظامات کی راست نگرانی کی بعد ازاں مصلیوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر محکمہ پولیس‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی ‘ محکمہ بلدیہ اور تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں کے بھی مختلف کیمپ لگائے گئے تھے ۔ عیدگاہ میر عالم پر کمشنر پولیس مسٹر کے سرینواس ریڈی نے دیگر پولیس عہدیداروں کے ہمراہ مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ عیدگاہ سالار اولیاء ‘ عید گاہ بالامرائی ‘ جامع مسجد چوک‘ جامع مسجد بارکس ‘ جامع مسجد معظم پورہ ملے پلی ‘ جامع مسجد عثمانیہ صرفخاص پلٹن ملک پیٹ کے علاوہ شہر کی دیگر عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید الفطر کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیاگیا ۔ دونوں شہروں میں عید الفطر کے موقع پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی خصوصی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا۔عیدگاہ میر عالم پر ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی مصلیان اکرام کی جانب سے ستائش کی گئی اور لاؤڈ اسپیکر کے نظام کے علاوہ جائے نمازوں اور شامیانوں کی تنصیب کے سلسلہ میں بھی کئے گئے وسیع انتظامات کی سراہنا کی گئی۔مسجد حکیم میر وزیر علی میں بھی صبح کی اولین ساعتوں میں نماز عید کا اہتمام کیا گیا تھااس کے باوجود مسجد کے دونوں جانب سڑکوں پر مصلیوں کی بڑی تعداد نے نماز عید الفطر ادا کی ۔ 3