نظام آباد ۔29 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نوجو انوں کو بری عادتوں سے دور رہتے ہوئے تعلیم اور کھیلوں پر توجہ مرکوز کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے مشیر سدرشن ریڈی نے کہا کہ بہتر مستقبل کے لیے نوجوانوں کو مثبت راستہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار نظام آباد سیکوریٹی کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ پریمیر لیگ کھیل مقابلوں کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو 20 تا 28 اپریل ویمنس کالج میدان میں منعقد ہوئے۔ مسٹر سدرشن ریڈی نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی منفی سرگرمیوں، خصوصاً رات کے اوقات میں ہونے والی بیٹنگ جیسے رجحانات پر نوجوانوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور اس طرح کی سرگرمیوں سے ان کا مستقبل متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان کھیلوں، تعلیم اور مثبت سوچ کے ذریعہ اپنی زندگی کو بہتر سمت میں لے جائیں۔اس موقع پر رکن اسمبلی مسٹر ڈاکٹر بھوپت ریڈی ، ایڈیشنل ڈی سی پی شُبھم پرکاش،، میئر اومارانی، نوڈا چیئرمین کیشوینو، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین مپا گنگا ریڈی، اردو اکیڈمی چیئرمین طاہر بن حمدان، ریاستی کوآپریٹو یونین چیئرمین مانالا موہن ریڈی، ضلع کانگریس صدر ناگیش ریڈی سمیت دیگر عہدیداران اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی ۔مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کو انعامات اور نقد رقم سے نوازا گیا۔