نوٹس کی سماعت سے دو دن قبل ووٹرس کو اطلاع دینا لازمی

   

چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی اضلاع کلکٹرس اور انتخابی حکام کو سخت ہدایات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظر ثانی (SIR) عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے تمام اضلاع کے کلکٹرس اور انتخابی حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اس اجلاس میں نوٹس کے اجراء، اعتراضات اور تفتیشی عمل کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور حکام کو شفافیت برقرار رکھنے کیلئے کئی اہم احکامات جاری کئے گئے ۔ سدرشن ریڈی نے بی ایل اوز کو ہدایت دی کہ وہ ووٹرس کو شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے ان کے گھروں پر نوٹس دیں اور اس کی تصاویر خصوصی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں ۔ تفتیش یا انکوائری کی تاریخ ، وقت اور مقام کی مکمل تفصیلات متعلقہ ووٹرس کو کم از کم دو دن پہلے واضح طور پر بتادی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری نہ ہو ۔ جن ووٹرس کو نوٹس موصول ہوں گے ۔ انہیں اپنی وضاحت اور جواب دینے کیلئے ایک ہفتہ کا وقت دیا جائے ۔ نوٹس کے جواب میں جمع کرائے جانے والے ضروری 12 منظورہ دستاویزات اور اسناد کی تفصیلات سے متعلق عوام میں بڑے پیمانے پر شعور بیداری کی جائے ۔ انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ ایسے ووٹرس جن کی میاپنگ نہیں ہوئی ہے یا جن کی تفصیلات میں بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں ان کی مکمل فہرستیں فوری طور پر تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو فراہم کی جائیں ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے حکم دیا کہ ہر ہفتے موصول ہونے والے تمام دعوؤں اور اعتراضات کی مکمل تفصیلات تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ شیئر کی جائیں ۔۔ 2/a/b