نکلس روڈ پر کائیٹ فیسٹیول کا انعقاد

   

وزیر سرینواس یادو نے پتنگ اڑائی، کوویڈ کے قواعد پر عمل کرنے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے نکلس روڈ پر کائیٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ نوجوان لڑکے و لڑکیوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ فیسٹیول میں حصہ لیا۔ ریاستی وزیر سنیما ٹوگرافی ٹی سرینواس یادو نے بھی فیسٹیول میں حصہ لیتے ہوئے پتنگ اڑائی اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے پتنگ اڑانے کے شوقین ہیں۔ سنکرانتی تہوار کے موقع پر پتنگ بازی ہماری تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے۔ بچے اور بڑے سبھی پتنگ اڑانے میں جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر مغربی تہذیب ہماری روایت پر اثرانداز ہورہی ہے۔ ہماری تہذیب کو باقی رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر نے کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں کی جانب سے سنکرانتی تہوار بڑے ہی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ سماج کے تمام طبقات اس تہوار کا حصہ بنتے ہیں۔ ہماری تہذیب و تمدن اور ثقافت کو نئی نسل میں منتقل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے زرعی اقدامات سے کسان پوری طرح مطمئن ہے اور دیہی علاقوں میں تہوار کا جشن دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تہوار کے دوران کوویڈ۔19 کے قواعد پر سختی سے عمل کریں۔ ماسک لازمی طور پر لگائے اور سماجی دوری برقرار رکھیں۔ن